کلاس میٹ اسپیل بی کے بارہویں ایڈیشن کا اعلان

   

نئی دہلی ۔ 21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دو لاکھ روپئے انعامی رقم اور امریکہ کے وائیٹ ہاؤس تک رسائی کے انعامات سے مزین اسکولی طلبہ کیلئے کلاس میٹ اسپیل بی مقابلوں کے بارہویں ایڈیشن کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ہندوستان بھر کے طلبہ جو کہ پانچویں تا نویں جماعت میں زیرتعلیم ہیں، وہ ان مقابلوں میں شرکت کرتے ہوئے نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکتے ہیں بلکہ والدین کے ساتھ امریکہ کے وائیٹ ہاؤس کا دورہ کرنے اور دو لاکھ روپئے انعام حاصل کرنے کا بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ایونٹ کے منتظمین نے اس کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہیکہ قومی سطح پر منعقد ہونے والے اس ایونٹ میں کامیاب ہونے والے طلبہ کو نیشنل اسپیلنگ بی 2020ء کا خطاب ملنے کے علاوہ وہ امریکہ کا اپنے والدین کے ساتھ سفر کرسکتے ہیں جبکہ سیمی فائنل میں پہنچنے والے چار طلبہ کو فی کس 50 ہزار روپئے کا انعام بھی دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں یہ مقابلے ہندوستان کے ایک ہزار اسکولوں کے درمیان منعقد کئے جائیں گے جوکہ ملک کے 30 شہروں میں ہوں گے جس کی بدولت ان مقابلوں میں پانچ لاکھ طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کو منوانے کا موقع ملے گا۔