میکسیکو سٹی : کلاڈیا شین بام پارڈو اتوار کو میکسیکو کی اولین خاتون صدر منتخب ہو گئیں۔ انتخابات کے ابتدائی سرکاری نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک طویل عرصے سے صنفی بنیاد پر تشدد سے دوچار ملک میں تاریخ رقم ہو ئی ہے۔نئی منتخب ہونے والی صدر کو اپنے سرپرست اور سبکدوش ہونے والے صدر آندریس مینوئل لوپیز اوبراڈور کی حمایت وراثت میں ملی ہے، جن کی غریبوں میں مقبولیت نے انہیں کامیابی دلانے میں مدد کی۔ حکمراں جماعت کی امیدوار نے تقریباً 58تا60 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ میکسیکو اپنی مردانہ ثقافت کے لیے جانا جاتا ہے۔ نیز اسے دنیا کی دوسری سب سے بڑی رومن کیتھولک آبادی کا گھر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے جس نے برسوں سے خواتین کے لیے زیادہ روایتی اقدار اور کرداروں پر زور دیا ہے۔کلاڈیا شین بام پارڈو 24 جون 1962 کو میکسیکو سٹی میں پیدا ہوئیں۔ ان کا خاندان سائنس دانوں پر مشتمل ہے اور وہ اپنے والدین کی دوسری بیٹی ہیں۔ ان کے والد کارلوس کیمسٹ ہیں جبکہ ان کی والدہ اینی حیاتیات کی ماہر ہیں۔ دونوں 1968 میں میکسیکو کی طلبہ تحریک میں شامل تھے۔