کولمبو۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکائی فاسٹ بولر نوون کلا سیکرا نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں ٹیم کی نمائندگی سے کنارہ کشی کرلیں گے اور وہ سری لنکا کے لئے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے فاسٹ بولروں کی فہرست میں تیسرے مقام پر فائز ہیں جبکہ ان سے آگے چمندا واس اور لست ملنگا موجود ہیں۔ ہندوستانی شائقین کیلئے کلا سیکرا سے تعلق 2011ء ورلڈ کپ کے فائنل میں دھونی کی جانب سے لگایا جانے والے چھکے کی یادوں سے ہے۔ 37 سالہ کلا سیکرا نے 184 ونڈے مقابلوں میں 199 وکٹیں لی ہیں جبکہ 58 ٹوئنٹی 20 مقابلوں میں ان کے نام 66 وکٹیں درج ہیں۔ 15 سالہ طویل کریر میں انہوں نے سری لنکائی ٹیم کی 21 ٹسٹ مقابلوں میں نمائندگی کرتے ہوئے 48 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ کلا سیکرا نے آخری مرتبہ ونڈے میں سری لنکا کی نمائندگی زمبابوے کے خلاف جولائی 2017ء میں کی تھی جبکہ مارچ 2018ء سے انہوں نے کوئی مسابقتی مقابلہ نہیں کھیلا ہے۔ 2014ء میں جب سری لنکائی ٹیم نے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ جیتا تھا، اس ٹورنمنٹ کے 6 ٹورنمنٹ میں 6.42 کی اوسط سے 8 وکٹیں لی تھیں۔