مقدمہ بے بنیاد۔ بین الاقوامی انصاف عدالت میں ہندوستان کی اپیل
ہیگ 18 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے آج بین الاقوامی عدالت انصاف سے اپیل کی کہ پاکستانی فوجی عدالت کی جانب سے کلبھوشن جادھو کو دی گئی سزائے موت کو کالعدم قرار دے اور اسے فوری رہا کرنے کی ہدایت دی ۔ ہندوستان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوجی عدالت کا فیصلہ جھوٹے مقدمہ کی بنیاد پر ہے اور اس سزا سے مروجہ طریقہ کار کی قطعی تکمیل نہیں ہوتی ۔ جادھو ہندوستانی بحریہ کا ایک سبکدوش عہدیدار ہے اور اسے اپریل 2017 میں پاکستان میں دہشت گردی اور جاسوسی کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی تھی اور اس کے مقدمہ کی بند کمرہ میں سماعت کی گئی تھی ۔ ہندوستان نے اسی سال بین الاقوامی عدالت سے یہ مسئلہ رجوع کیا تھا اور کہا تھا کہ پاکستان نے ‘ جادھو تک قونصلر رہائی سے بارہا انکار کرتے ہوئے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے ۔