نئی دہلی، 16 جولائی (آئی اے این ایس)۔ ہندوستانی ٹیم کے بائیں ہاتھ کے اسپنر کلدیپ یادو اب تک انگلینڈ کے خلاف جاری پانچ میچوں کی ٹسٹ سیریز کے پہلے تین میچز میں بنچ پر بیٹھے ہیں۔ ان کے بچپن کے کوچ کپل دیو پانڈے نے کہا ہے کہ کلدیپ یقینی طور پر سوچ رہے ہوں گے کہ انہیں آخرکب موقع ملے گا۔کپل دیو پانڈے نے آئی اے این ایس سے گفتگو میں کہا ہاں، کلدیپ کا حوصلہ بلند ہے، لیکن دل ہی دل میں وہ ضرور سوچ رہا ہوگا کہ اسے کب موقع ملے گا۔ وہ مانچسٹر میں چوتھے ٹسٹ کے لیے انڈیا کے لیے قیمتی اثاثہ ثابت ہو سکتا ہے۔ چوتھا ٹسٹ 23 جولائی کو اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں شروع ہوگا، جہاں میچ کے آخری دنوں میں اسپنرزکو مدد ملنے کی توقع ہے۔ اس تناظر میں کلدیپ ٹیم کے لیے اہم ثابت ہو ں گے ۔یاد رہے کہ کلدیپ نے مارچ 2017 میں آسٹریلیا کے خلاف دھرم شالہ میں ٹسٹ ڈیبیوکیا تھا اور تب سے وہ صرف 13 ٹسٹ کھیل پائے ہیں۔