کلواکرتی لفٹ اریگیشن اسکیم میں حادثہ، زوردار آواز ، موٹرس پھٹ پڑے

   

14 کے منجملہ 10 منزلہ عمارت پانی سے لبریز، تمام موٹرس پانی میں غرق، کوئی جانی نقصان نہیں

حیدرآباد: ضلع ناگرکرنول میں مہاتما گاندھی کلواکرتی لفٹ اریگیشن اسکیم میں حادثہ پیش آیا۔ فرسٹ لفٹ پمپ ہاؤز میں کل شام پمپنگ کے دوران موٹر تنصیب کا فاونڈیشن بورڈ اچانک پھٹ پڑا، جس سے سیلاب کا پانی پمپ ہاؤس میں داخل ہوگیا۔ پانی کو روکنے کی کوئی گنجائش نہیں تھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے چند منٹوں میں 14 منزلہ پمپ ہاؤز میں 10 منزل پانی میں ڈوب گئے۔ حادثہ کے موقع پر وہاں موجود انجینئرس اور عملہ نے موٹرس کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کی مگر وہ ناکام ہوگئے۔ بڑی تیزی سے پانی جمع ہونے پر تمام اسٹاف باہر آگیا۔ کل شام 8 بجے اس حادثہ کی اطلاع منظرعام پر آئی۔ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ کلواکرتی لفٹ اریگیشن اسکیم سے 200 میٹر دور پالمور، رنگاریڈی لفٹ اریگیشن اسکیم سے متعلق پہلے مرحلہ کا پمپ ہاؤز زیرتعمیر ہے۔ اس پمپ ہاؤز کی تعمیرات پر اس وقت ماہرین نے اعتراض کرتے ہوئے کبھی بھی خطرہ پیدا ہونے کا انتباہ دیا تھا۔ اسی وقت حکومت کی جانب سے تشکیل کردہ ایکسپرٹ کمیٹی نے بھی زیرزمین پمپ ہاؤز تعمیر نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ اس پمپ ہاؤز کی تعمیر کیلئے مسلسل پلاننگ کی گئی جس سے زمین ہل گئی اور کلواکرتی پمپ ہاؤز میں پانی جمع ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی ریاستی وزیر نرنجن ریڈی کلواکرتی لفٹ اریگیشن اسکیم کے پاس پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لیا اور کہا کہ تکنیکی ناکامیوں کی وجہ سے حادثہ پیش آیا اور اس کیلئے سابق حکومتیں ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام پہلوؤں سے اس کی تحقیقات کی جائے گی۔