کلواکرتی لفٹ اریگیشن حادثہ کی چیف منسٹر ذمہ داری قبول کریں اور عوام سے معذرت خواہی

   

ماہرین پر مشتمل کمیٹی کی رپورٹ کو کچرے دان کی نذر کردیا گیا، کانگریس قائدین کی گرفتاری کی مذمت، اتم کمار ریڈی

حیدرآباد: صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کلواکرتی لفٹ اریگیشن میں پیش آئے حادثہ کیلئے چیف منسٹر کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ذمہ داری قبول کرنے کے ساتھ عوام سے معذرت خواہی کرنے کا چیف منسٹر کے سی آر سے مطالبہ کیا۔ زوم ایپ کے ذریعہ پریس کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ صرف ضد اور انانیت کی وجہ سے کروڑہا روپئے کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 20 جون 2016ء کو ماہرین کی کمیٹی نے مخالفت میں جو رپورٹ پیش کی تھی اس کو حکومت نے کچرے دان کی نذر کردیا تھا۔ کلواکرتی پمپ ہاؤز کے 400 میٹر دوری پر پالمور، رنگاریڈی لفٹ ریگیشن اسکیم کیلئے زیرزمین کھدوائی کی جارہی ہے۔ وہاں کی جانے والی پلاننگ سے اتنا برا نقصان ہوا ہے جس کی راست ذمہ داری چیف منسٹر قبول کریں۔ 14 کے منجملہ 10 منزلہ عمارت میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ اتنے بڑے نقصان کے بعد فصلوں کو پانی سربراہ کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ ریاست میں پراجکٹس سے کنال وغیرہ نہیں بھر رہے ہیں مگر کلوا کنٹلا کے جیب تو ضرور بھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم، میڈمہانہ، کونڈا پوچماں ساگر کے علاوہ تمام علاقوں کے پراجکٹس میں شگاف پڑ گئے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ چند ہفتہ قبل ہی سری سیلم پمپ ہاؤز میں بڑا حادثہ پیش آیا اس کو ابھی بھول ہی نہیں پائے تھے کہ کلواکرتی لفٹ اریگیشن پراجکٹ میں موٹرس پھٹ پڑے۔ چیف منسٹر کی بدعنوانیوں سے کئی افراد جہاں بلی کا بکرا بن رہے ہیں وہیں سرکاری خزانہ کو بہت بڑا نقصان ہورہا ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے پمپ ہاؤز کے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے پہنچنے والے کانگریس قائدین کو گرفتار کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ناکامیاں آشکار ہوجانے کے خوف سے کانگریس کے قائدین کو پراجکٹ پہنچنے سے قبل ہی گرفتار کرلیا گیا ہے۔