کلواکرتی میں دواخانہ، گیسٹ ہاؤز اور سڑکیں تعمیر کرنے کا وعدہ

   

مقامی ادارہ جاتی انتخابات سے قبل کسانوں کا قرض معاف، ریونت ریڈی چیف منسٹر کا خطاب

حیدرآباد۔28جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس کے آنجہانی قائد ڈاکٹر ایس جئے پال ریڈی کو تلنگانہ چیف منسٹر بنانے کا اعلان کیا جاتا تو کانگریس کو 2014 ریاستی اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل ہوتی ہے لیکن پارٹی نے ایسا نہیں کیا جس کے نتیجہ میں پارٹی 10 سال اقتدار سے دور رہی ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج کلواکرتی میں ڈاکٹر ایس جئے پال ریڈی کے مجسمہ کی نقاب کشائی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسی سرزمین کے فرزند ہیں اور اس علاقہ کے عوام کے بھائی ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت کی جانب سے کلواکرتی کی ترقی کے لئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں جن میں حیدرآباد ۔کلواکرتی 4 لین شاہراہ کی تعمیر شامل ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ماچرلہ میں 100 کروڑ کی لاگت سے اسکل یونیورسٹی کے قیام کے اقدامات کئے جار ہے ہیں اور حکومت اس یونیورسٹی سے قیام کے ذریعہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے اقدامات کر رہی ہے۔ 50ایکڑ کے رقبہ پر تعمیر کی جانے والی یونیورسٹی کے ذریعہ نوجوانوں کو ہنر مند بناتے ہوئے انہیں روزگار فراہم کرنے کے اقدامات کئے جا ئیں گے۔چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کے قرض کی معافی کے سلسلہ میں ئے گئے چیالنج کو قبول کرتے ہوئے 31 جولائی تک دیڑھ لاکھ روپئے تک کے قرض معاف کردیئے جائیں گے اور اگسٹ کے دوران 2 لاکھ تک کے قرض کی معافی یقینی بنائی جائے گی۔چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاست میں آئندہ ماہ کے دوران ادارہ جات مقامی کے انتخابات منعقد کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اورانہیں یقین ہے کہ تلنگانہ میں اپوزیشن ادارہ جات مقامی میں بھی بری طرح سے ناکام ہوگی کیونکہ اپوزیشن اپنا کام ٹھیک سے نہیں کررہی ہے اور اب بھی بی آر ایس قائدین اسمبلی انتخابات اور پارلیمانی انتخابات میں ہونے والی شکست سے ابھر نہیں پائے ہیں اور وہ شکست کے درد میں اب تک مبتلا ء ہیں۔ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کانگریس کے سرکردہ قائدین ادارہ جات مقامی اور بلدیاتی انتخابات میں اپنے کارکنوں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کی کوشش کریں گے اور کانگریس کو ان انتخابات میں بھی بھاری کامیابی حاصل ہوگی۔3