حیدرآباد۔ 25 ڈسمبر (سیاست نیوز) سائبرآباد کے علاقہ کلور میں تین افراد کے قتل کی سنگین واردات پیش آئی۔ جن میں ماں بیٹا بھی شامل ہیں۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ماں بیٹے کی قتل کرنے کے بعد تیسرے شخص نے خودکشی کی ہوگی تاہم اس تیسرے شخص کے اس مشتبہ قتل سے ان کے درمیان رشتہ میں شبہ پیدا ہوگیا ہے۔ اس واردات کا انکشاف پڑوسیوں کی جانب سے ہوا اور پولیس کو اس سنگین واردات کی اطلاع دی گئی۔ کلور پولیس ذرائع کے مطابق نعشوں کی شناخت 30 سالہ چندرا کلا، 8 سالہ ریونت اور 38 سالہ شیوراج کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ یہ لوگ چند روز قبل اس علاقہ جے پی نگر کالونی میں آئے تھے اور کرایہ کے مکان میں زندگی بسر کررہے تھے۔ چند روز میں کمسن ریونت کی مقامی بچوں سے دوستی ہوگئی تھی اور آج وہ بچے ریونت سے ملاقات کیلئے آئے تھے اور کھیل کیلئے طلب کررہے تھے۔ بچوں نے مکان میں حالات دیکھ کر فوری ان کے والدین اور پڑوسیوں کو اطلاع دی۔ پولیس نے اطلاع کے بعد موقع واردات پہنچ کر ضابطہ کی کارروائی کی۔ چندرا کلا اور ریونت ماں بیٹا بتائے گئے ہیں۔ جبکہ چندرا کلا اور شیوراج کے رشتہ کا ابھی خلاصہ نہیں ہوسکا۔ یہ لوگ میاں بیوی تھے۔ اور ریونت پہلے شوہر کا بیٹا تھا یا پھر دونوں کے درمیان تعلقات کیا تھے، اس بات کا پتہ چلایا جارہا ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ شیوراج نے پہلے ماں بیٹے کا قتل کیا اور پھر خودکشی کرلی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع
