وزراء کے ٹی آر اور وی پرشانت ریڈی کے ساتھ مشاہدہ کے بعد اسپیکر اسمبلی پوچارام سرینواس ریڈی کا تاثر
حیدرآباد :۔ کلور میں زیر تعمیر ڈبل بیڈ روم مکانات کا وزراء کے ٹی آر اور وی پرشانت ریڈی نے اسمبلی اسپیکر پوچارام سرینواس ریڈی کے ساتھ پہونچکر معائنہ کیا ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے حدود میں تقریباً ایک لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیرات جاری ہے ۔ جاریہ سال کے اواخر دسمبر تک 85 ہزار ڈبل بیڈ روم مکانات غریب عوام میں تقسیم کرنے کے لیے تیار ہوجائیں گے ۔ کے ٹی آر نے اسپیکر اسمبلی اور وزیر ہاوزنگ کو بتایا کہ حکومت کی باوقار اسکیم سے غریب اور بے گھر عوام کو فائدہ پہونچانے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس کے مثبت نتائج بھی برآمد ہورہے ہیں ۔ ریاست کے مختلف مقامات پر حکومت کی جانب سے ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کر کے دئیے گئے ۔ مزید ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیرات جاری ہیں ۔ اس اسکیم سے غریب اور بے گھر عوام کے چہروں پر مسکراہٹ بکھر رہی ہے ۔ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تقسیم کے معاملے میں حکومت عہد کی پابند ہے ۔ اسپیکر اسمبلی پوچارام سرینواس ریڈی نے کلور میں زیر تعمیر ڈبل بیڈ روم مکانات کا مشاہدہ کرتے ہوئے کہا کہ شاید یہ دنیا کی سب سے بڑی ٹاون شپ ہے جو بالخصوص غریب عوام کے لیے تعمیر کی جارہی ہے ۔ جس کا اعزاز ریاست تلنگانہ کے سر جاتا ہے ۔ تمام سہولتوں سے آراستہ ڈبل بیڈ روم مکانات غریب عوام کے لیے بہت بڑی نعمت ثابت ہوگی ۔ جو حکومت کی جانب سے مفت فراہم کی جارہی ہے ۔ وزیر ہاوزنگ وی پرشانت ریڈی نے کہا کہ ملک کے ہاوزنگ پروگرام میں کلور کا پراجکٹ ایک مثالی بن کر ابھر رہا ہے ۔ انہوں نے حیدرآباد میں زیر تعمیر ڈبل بیڈ روم مکانات کی پیشرفت پر مسرت کا اطہار کیا ۔ اس پراجکٹ کے لیے محکمہ ہاوزنگ کی جانب سے مکمل تعاون فراہم کیا جارہا ہے ۔ عہدیداروں نے کلور کے ڈبل بیڈ روم مکانات کی ٹاون شپ میں عوام کو فراہم کیے جانے والے سہولتوں سے اسپیکر اسمبلی اور وزراء کو واقف کرایا ۔۔