حیدرآباد۔29جولائی (یو این آئی) تلنگانہ کے ضلع سنگاریڈی کی کلکٹر پی پراوِنیہ نے کہا ہے کہ لڑکیاں تعلیم میں ترقی حاصل کر کے بہتر مستقبل حاصل کر سکتی ہیں۔ وہ پیر کی رات سنگاریڈی ضلع کے ہتنور میں واقع کستوربا گاندھی بالیکا ودیالیہ (کے جی بی وی) اسکول میں شب بسری کرتے ہوئے طالبات سے روبرو ہوئیں۔اس موقع پر کلکٹر نے کہا کہ طلبہ کو مستقبل میں منعقد ہونے والے مسابقتی امتحانات جیسے آئی آئی ٹی، نیٹ، ایم سیٹ وغیرہ کے لیے تیار کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ کو ہدایت دی کہ کے جی بی وی کی طالبات کو کمپیوٹر سے متعلق معلومات، خصوصاً ایم ایس ورڈ اور ایم ایس ایکسل کی تربیت دی جائے ۔کلکٹر نے طالبات کے ساتھ رات کا کھانا کھایا اور بعد ازاں اسکول کے کمپیوٹر لیب، ڈائننگ ہال، کچن شیڈ، اسٹور روم اور ڈیجیٹل کلاس رومس کا معائنہ کیا۔ اسٹڈی اوور کے دوران طالبات سے براہ راست بات چیت کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے ۔ انہوں نے بتایا کہ اسکول کی بنیادی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے سی ایس آر فنڈس کے تحت 19.5 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ہے ۔