کلکٹرس و عہدیداروں کو بارش کی صورتحال پرنظر رکھنے کی ہدایت

   

ضرورت پڑنے پر عوام کی ہر ممکن مدد کی جائے ۔ چیف منسٹر نے دہلی سے حالات کا جائزہ لیا

حیدرآباد 24جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں مسلسل بارش کے دوران چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ضلع کلکٹرس اور عہدیداروں کو چوکس رہنے اور کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال کے دوران عوام کی مد د کیلئے دستیاب رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ریونت ریڈی نے دہلی میں رہتے ہوئے تلنگانہ میں بارشوں کے سبب نقصانات کے متعلق آگہی حاصل کی اور کہا کہ تمام اضلاع میں عہدیدار باہمی رابطہ کو یقینی بناتے ہوئے عوام کو سہولتوں کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوںنے ریاست میں بارش کے دوران کسی بھی طرح کے جان ومال کے نقصان سے محفوظ رکھنے اقدامات کی تاکید کی اور کہا کہ ریاست کے جن اضلاع میں موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ان میں اضافی چوکسی اختیار کی جائے اور نشیبی علاقوں کے علاوہ ذخائر آ ب و تالابوں میں پانی کی سطح آب میں اضافہ کا جائزہ لیتے ہوئے حفاظتی اقدامات کئے جائیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت کے تمام محکمہ جات کو متحرک رہتے ہوئے عوام کو سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جانا چاہئے ۔ انہوں نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں مسلسل بارش کے دوران نشیبی علاقوں کی صورتحال کے متعلق آگہی حاصل کی اور کہا کہ شہر میں بارش کے دوران مسائل کو حل کرنے اقدامات کئے جائیں اور عوام کو مسائل میں مبتلا ء ہونے سے محفوظ رکھیں۔ چیف منسٹر نے تالابوں کے لبریز ہونے اور ذخائر آب کی سطح آب میں اضافہ کے متعلق فوری عوام کو مطلع کریں تاکہ احتیاطی اقدامات کئے جاسکیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو ضلع ہیڈ کوارٹر میں دستیاب رہنے کو کہا تاکہ عوام کو ضرورت پر مدد کرسکیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سیلاب زدہ علاقوں میں عوام کو صورتحال سے آگاہ کرتے رہیں اور اگر کسی علاقہ میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہوتو عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔3