کلکٹریٹ میدک میں رنگوں کی تقریب

   

میدک ۔ 3 مارچ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) میدک کلکٹریٹ اور ایڈیشنل کلکٹر کیمپ آفس میں ہولی کے موقع پر رنگوں کی تقریب منعقد کی گئی جس میں رجسٹرڈ کوآپریٹو سوسائٹی کمشنر راہول راج اور ایڈیشنل کلکٹر ناگیش نے ریونیو ایمپلائز اسوسی ایشن کے عہدیداران، افسران اور عملہ کے ہمراہ شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے خود افسران و ملازمین کو رنگ لگا کر ہولی کی مبارکباد پیش کی اور خوشی کا اظہار کیا۔ بعد ازاں ضلع کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے راہول راج اور ناگیش نے کہا کہ رنگوں کا یہ تہوار باہمی بھائی چارے اور ہم آہنگی کی علامت ہے، لہٰذا عوام کو چاہئے کہ وہ ہولی کو پُرامن ماحول میں، خوشگوار فضا کے ساتھ اور قدرتی رنگوں کے استعمال کو ترجیح دیتے ہوئے منائیں تاکہ کسی کو کوئی دشواری نہ ہو۔ اس تقریب میں ریونیو ایمپلائز اسوسی ایشن کے نمائندوں کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے افسران اور عملہ نے شرکت کی۔