کلکٹریٹ نارائن پیٹ کی جدید عمارت کے تعمیری کاموں کا معائنہ

   

نارائن پیٹ۔ 17 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر پرتیک جین نے نارائن پیٹ کلکٹریٹ کی جدید ہمہ منزلہ بلڈنگ کمپلیکس کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا، جو 50 کروڑ روپے کے فنڈ زسے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ آج نارائن پیٹ ضلع کے نئے کلکٹر پرتیک جین اپنے عہدہ کا جائزہ لینے کے فوری بعد پہلا دورہ کرتے ہوئے نارائن پیٹ ضلع ہیڈکوارٹر کے قریب سنگرام چوراہا پر زیر تعمیر کلکٹریٹ بلڈنگ کا معائنہ کیا ،قبل ازیں ضلع کلکٹر پرتیک جین نے ضلع کلکٹریٹ میں کلکٹر کے چیمبر میں چارج سنبھالا، وہاں سے سیدھے کلکٹریٹ کی نئی عمارت کے گئے اور آر اینڈ بی عہدیداروں سے کلکٹریٹ کی نئی عمارت کے تعمیراتی کاموں کے بارے میں دریافت کیا جو اب تک مکمل ہوئے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کی رفتارمیں اضافہ کیا جائے۔ بلڈنگ کمپلیکس کے تعمیراتی کاموں کے ساتھ ساتھ باہر کی سڑکوں اور دیگر کاموں کو فوری شروع کیا جائے۔ آر اینڈ بی ای وینکٹا رمنا نے کلکٹر کو بتایا کہ کلکٹریٹ بلڈنگ کمپلیکس تک مین سڑک کو ہموار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ عہدیداروں کو پہلے تخمینہ میں اضافی فنڈز کی ضرورت کو شامل کرنا چاہئے انہوں نے کلکٹر کو بتایا کہ اضافی فنڈز کی ضرورت ہوگی۔ کلکٹر نے عمارت کے احاطے میں کلکٹر کے چیمبر میں ہو رہے کام کا بھی معائنہ کیا۔ کلکٹر نے عہدیداروں کو تین ماہ کے اندر کام مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ لوکل باڈیز کے ایڈیشنل کلکٹر فنیندر ریڈی، ٹرینی کلکٹر پرنائے کمار، آر اینڈ بی ای ای وینکٹرامنا، ڈی ای۔ رامولو، اے ای، اور دیگر نے اس پروگرام میں حصہ لیا۔