محبوب نگر بی جے پی ضلع صدر پدمجا ریڈی کا اظہار خیال
محبوب نگر /28 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) عوام کو مشکلات اور تکلیف میں ڈالتے ہوئے کلکٹریٹ کو شہر سے کافی دور تعمیر کرنا اور ٹی آر ایس پارٹی آفس کو قلب شہر میں تعمیر کرنا بڑی افسوسناک بات ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ضلع صدر بی جے پی پدمجا ریڈی نے جمعرات کے دن پارٹی آفس میں پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہاسٹلس اور مختلف سرکاری دفاتر کرایہ عمارتوں میں کام کر رہے ہیں۔ ضلع عہدیداران ان دفاتر کو جگہ فراہم کرنے کی بجائے ٹی آر ایس پارٹی دفتر کو اراضی مختص کر رہے ہیں ۔ کسی بھی قومی پارٹی کو ایک ایکر اراضی کی جگہ فراہم کرنے کی گنجائش ہے ۔ بی جے پی گذشتہ 4 ماہ سے اس اراضی کے حصول کیلئے کوشش کر رہی ہے لیکن عہدیداروں کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے ۔ انہوں نے برہم ہوتے ہوئے کہا کہ عہدیدار برسر اقتدار جماعت کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں ۔ کروڑوں روپیوں کی قیمتی اراضی کو ٹی آر ایس پارٹی کے حوالے کرنا ا قتدار کا بے جا استعمال ہے ۔ برسر اقتدار پارٹی کے بعض قائدین غیر قانونی طور پر اراضی کے قبضوں میں ملوث ہیں لیکن ضلع انتظامیہ جب سادھے ہوئے ہے ۔ مشن بھگیرتا کے پانی کو تک نہیں بخشا گیا ۔ برسر اقتدار قائدین اپنے زرعی مقاصد کیلئے اس کو استعمال کر رہے ہیں ۔ عہدیداروں سے اس کی شکایت کی گئی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی کے 4 ایم پیز کی کامیابی سے ٹی آر ایس بھوکھلاگئی ہے اور بی جے پی کارکنوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ بی جے پی منصوبہ بندی کے ساتھ رکنیت سازی مہم شروع کرے گی اور گھر گھر پہونچکر ٹی آر ایس کی بدعنوانیوں سے واقف کرواتے ہوئے بی جے پی کی رکنیت کیلئے ترغیب دی جائے گی ۔ پریس کانفرنس میں بی جے پی کے ریاستی ممبر بال راج ، کرشنا وردھن ریڈی ، راجندر ریڈی ، مہیش و دیگر موجود تھے ۔