کلکٹر اور آر ڈی او کے خلاف ہائی کورٹ کی نوٹس

   

حیدرآباد۔/8 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس ایم ایس رامچندر راؤ نے کہا کہ ہائی کورٹ کے احکامات کے خلاف انجکشن آرڈر جاری کرنے کا ڈسٹرکٹ سیول کورٹ کو اختیار نہیں ہے۔ اگر تحت کی عدالت اس طرح کے کوئی احکامات جاری کرتی ہے تو یہ دراصل توہین عدالت ہے۔ جسٹس رامچندر راؤ ریوینو عہدیداروں کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کررہے تھے جس میں درخواست گذار نے ملکاجگیری منڈل میں واقع 40 ایکر اراضی کی منتقلی میں ناکامی کی شکایت کی۔ درخواست گذار کے وکیل نے کہا کہ حکومت نے عدالت کے احکامات پر عمل نہیں کیا۔ عدالت کی جانب سے کلکٹر رنگاریڈی، آر ڈی او اور تحصیلدار کے خلاف نوٹس جاری کی گئی اور 27 اگسٹ تک جواب داخل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ عدالت نے ایک لاکھ روپئے کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے حکام کو ہدایت دی کہ وہ اراضی مالکین کے معاملہ میں مداخلت نہ کریں۔ اسی دوران چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے سنگل جج کے احکامات میں مداخلت سے انکار کردیا۔