جائزہ اجلاس ملتوی کردیا، اقلیتوں کے مسائل سے عدم دلچسپی پر نوٹس جاری کرنے کا انتباہ
حیدرآباد۔12۔مئی (سیاست نیوز) قومی اقلیتی کمیشن کی رکن شہزادی بیگم نے ضلع کلکٹر کھمم اور کمشنر پولیس کھمم کے رویہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جائزہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر نوٹس جاری کرنے کا انتباہ دیا۔ شہزادی بیگم مرکزی حکومت کی اقلیتوں سے متعلق اسکیمات خاص طور پر 15 نکاتی پروگرام اور ضلع میں اقلیتوں کے مسائل کا جائزہ لینے کیلئے کھمم کلکٹریٹ میں جائزہ اجلاس طلب کیا تھا۔ چیف سکریٹری کے ذریعہ ضلع کلکٹر اور کمشنر پولیس کو جائزہ اجلاس کی اطلاع دی گئی ، باوجود اس کے یہ دونوں جائزہ اجلاس میں شریک نہیں ہوئے ۔ شہزادی بیگم نے کھمم پہنچنے کے بعد گیسٹ ہاؤز میں عہدیداروں سے کلکٹر اور کمشنر پولیس کی عدم موجودگی کے بارے میں دریافت کیا ۔ کھمم کے ایڈیشنل کلکٹر مدھو سدن اور ڈپٹی کمشنر پولیس نے ان کا استقبال کیا ۔ شہزادی بیگم کو بتایا گیا کہ کلکٹر وی پی گوتم اور کمشنر پولیس وشنو ایس واریئر جائزہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ کلکٹریٹ میں اجلاس کے آغاز کے باوجود دونوں عہدیدار نہیں پہنچے جس پر شہزادی بیگم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پروٹوکول کی پابندی نہ کرنے کی شکایت کی۔ انہوں نے عہدیداروں سے سوال کیا کہ آیا چیف سکریٹری نے اجلاس کی اطلاع نہیں دی؟ عہدیداروں کے پاس پروٹوکول کی پابندی سے متعلق لاپرواہی پر رکن قومی اقلیتی کمیشن نے برہمی کا اظہار کیا اور اجلاس کو ملتوی کرتے ہوئے کلکٹر اور کمشنر پولیس کے بغیر اجلاس کو بے معنی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک یہ دونوں اجلاس میں شریک نہ ہوں وہ اجلاس منعقد نہیں کرے گی۔ شہزادی بیگم نے کہا کہ دونوں عہدیداروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں نئی دہلی طلب کیا جائے گا جہاں عدم موجودگی پر وضاحت کرنی ہوگی۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس کمشنر وشنو ایس واریئر بی آر ایس کے سابق رکن اسمبلی کے فرزند کی شادی میں مصروف تھے جبکہ کلکٹر وی پی گوتم کو ریاستی وزیر اجئے کمار کے ہمراہ سرکاری پروگراموں میں دیکھا گیا۔ رکن قومی اقلیتی کمیشن نے عہدیداروں کے رویہ پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے قومی اقلیتی کمیشن کو نظر انداز کرنے پر کارروائی کا انتباہ دیا۔ر