کلکٹر حیدرآباد کا اقلیتی اقامتی اسکول کا دورہ

   

حیدرآباد۔ 8 جولائی (سیاست نیوز) کلکٹر حیدرآباد شریمتی ہری چندنا داسری نے اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے گوشہ محل گرلز I اسکول کا دورہ کرتے ہوئے تعلیمی معیار اور دیگر سہولتوں کا جائزہ لیا۔ کلکٹر حیدرآباد نے اقامتی اسکولوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے مختلف عہدیداروں کو ذمہ داری دی تھی اور انہوں نے اقلیتی اقامتی اسکول کے دورہ کا فیصلہ کیا۔ انیس الغربا کی عمارت میں واقع گرلز اقامتی اسکول کے دورہ کے موقع پر کلکٹر نے طالبات سے بات چیت کی اور تعلیمی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ کلکٹر حیدرآباد نے اقامتی اسکول کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیا اور کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہم کے نتیجہ میں اقامتی اسکولوں کے بہتر نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ٹیچرس اور نان ٹیچنگ اسٹاف سے بھی بات چیت کی۔ کلکٹر حیدرآباد نے طالبات کے لئے بنیادی سہولتوں اور صحت بخش غذا کی سربراہی کی ہدایت دی۔ ہری چندنا داسری نے اسکول کی کارکردگی پر مسرت کا اظہار کیا اور طالبات سے کہا کہ وہ تعلیم پر مزید توجہ دیں تاکہ پیشہ وارانہ کورسیس میں داخلے حاصل ہوں۔ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد محمد الیاس احمد اور اسکول پرنسپل رما دیوی و دیگر موجود تھے۔ 1