کلکٹر رنگا ریڈی کو تحقیر عدالت کے مقدمہ میں ہائی کورٹ کی نوٹس

   

حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے کلکٹر رنگا ریڈی کو تحقیر عدالت کے مقدمہ میں نوٹس جاری کی ہے ۔ چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے ایم رگھونندن راؤ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر کلکٹر رنگا ریڈی کو نوٹس دی ہے ۔ سابق میں سنگل جج نے کلکٹر کے خلاف تحقیر عدالت کی کارروائی کی اجازت دیتے ہوئے 5,000 روپئے کا جرمانہ عائد کیا تھا ۔ سرورنگر منڈل میں اراضی کے ایک معاملہ میں عدالت کے احکامات پر عمل نہ کرن ے کے لئے یہ کارروائی کی گئی تھی۔ ضلع کلکٹر کی جانب سے پیش ہونے والے سرکاری وکیل سے عدالت نے جرمانہ کی عدم ادائیگی کے بارے میں سوال کیا ۔ ایک اور مقدمہ میں جسٹس ابھینند کمار شاویلی نے اسٹیٹ آفیسر اور ایڈیشنل ڈیویژنل ریلوے مینجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے کو اندرا نگر بی کالونی میں واقع 35 مکانات کے مشترکہ سروے کی ہدایت دی ہے۔ عدالت نے مقدمہ کی یکسوئی تک مداخلت نہ کرنے کی ہدایت دی ۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ سابق میں کیا گیا سروے درخواست گزاروں کے حق میں ہیں، لہذا انہوں نے مشترکہ سروے کی درخواست کی ۔ عدالت نے اس کی اجازت دیتے ہوئے تنازعہ کو اندرون 6 ماہ حل کرنے کی ہدایت دی۔