کلکٹر سدی پیٹ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے: ریونت ریڈی

   

سپریم کورٹ سے از خود کارروائی کا آغاز کرنے کی اپیل
حیدرآباد۔/26 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کلکٹر سدی پیٹ وینکٹ رام ریڈی کے عدلیہ کے خلاف بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ٹوئٹر پر کلکٹر کے بیان سے متعلق ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ دھان کے بیج سربراہ کرنے والے ڈیلرس کو سخت کارروائی کی دھمکی دیتے ہوئے ضلع کلکٹر نے کسانوںکو بلیک میل کرنے کی کوشش کی ہے۔ کلکٹر کی جانب سے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے احکامات کو نظرانداز کرنے سے متعلق بیان عدلیہ کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ضلع کلکٹر کے ذریعہ کسانوں کو فصلوں پر حق سے محروم کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان کس فصل کی کاشت کریں اس کا فیصلہ کرنا کلکٹر کی ذمہ داری نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب زرعی شعبہ سے حکومت کو دلچسپی نہیں تو پھر آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کے بلند بانگ دعوے کیوں کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ آیا کلکٹر ملک کی سپریم کورٹ سے زیادہ با اختیار ہے؟ ۔ ریونت ریڈی نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ ضلع کلکٹر کے خلاف کارروائی کریں۔ اسی دوران سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر نے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ ضلع کلکٹر کے بیان کا از خود نوٹ لیتے ہوئے کارروائی کا آغاز کریں۔ کلکٹر کے خلاف عدلیہ کی توہین کے تحت کارروائی کی جاسکتی ہے۔ رکن اسمبلی جگا ریڈی اور پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ نے بھی کلکٹر سدی پیٹ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ر