راہول راج نے ضلع میدک کے کولچارم منڈل میں سرکاری اسکول کا اچانک معائنہ بھی کیا
حیدرآباد ۔ 17 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : عام طور پر بچے اسکول نہ پہونچنے پر ٹیچرس ساتھیوں سے دریافت کرتے ہیں ۔ دوسرے دن بچے اسکول پہونچنے پر وجوہات طلب کرتے ہیں اور آئندہ اسکول کو پابندی سے پہونچنے کا حکم دیتے ہیں ۔ کہیں ٹیچرس والدین کو اسکول طلب کرکے سمجھاتے ہیں ۔ لیکن میدک کلکٹر راہول راج نے قابل ستائش کام کیا دیا ہے جس کی ہر جگہ تعریف ہورہی ہے ۔ کلکٹر نے کل کا انتظار کیے بغیر اسی دن خود بچوں کے گھر پہونچ کر سب کو حیرت زدہ کردیا ہے ۔ چہارشنبہ کولچارم منڈل کے دیشیاتانڈہ میں سرکاری پرائمری اسکول کا کلکٹر نے معائنہ کیا ۔ اسکول میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی ، تدریسی نظام اور دیگر امور کا جائزہ لے کر طلبہ کی حاضری پر ٹیچرس سے معلومات حاصل کی ۔ انہیں بتایا گیا آج اسکول میں 55 طلبہ حاضر اور 8 طلبہ غیر حاضر ہیں ۔ ٹیچرس کو طلبہ کی غیر حاضری کے بارے میںمعلومات حاصل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اپنے آفس کو روانہ ہونے کے بجائے ، کلکٹر نے غیر حاضر رہنے والے 8 طلبہ کے گھر پہونچکر وہ اسکول کیوں نہیں آئے طلبہ اور ان کے والدین سے پوچھ تاچھ کی ۔ بچوں کو اسکول روانہ نہ کرنے کی والدین سے وضاحت طلب کی جس پر والدین نے زرعی کام ، تہواریں ہونے کی وجہ سے اسکول نہ جانے کی وجوہات بتائی ۔ اس کے علاوہ کلکٹر نے بچوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے ان کے لیے سرکاری اسکول قائم کیا ہے ۔ تمام سہولتیں فراہم کی ہیں مفت کتابیں اور یونیفارم فراہم کئے جارہے ہیں ۔ پھر آپ اسکول کیوں نہیں جارہے ہیں ۔ بچوں کو تعلیم کی اہمیت سے واقف کراتے ہوئے انہیں آئندہ سے پابندی سے اسکول جانے کا مشورہ دیا ۔۔ 2