حیدرآباد 25 نومبر : ( سیاست نیوز) : کریم نگر ضلع کلکٹر پامیلا تپتھی اور پولیس کمشنر غوث عالم نے دریائے مانیر میں تباہ شدہ چیک ڈیم کا معائنہ کیا ۔ ضلع کلکٹر اور پولیس کمشنر نے اس مقام کے آخری حصے تک پیدل چل کر فارنسک ماہرین کے ساتھ تباہ شدہ ڈھانچے کا معائنہ کیا ۔ مقامی باشندوں اور عوامی نمائندوں کا کہنا ہے کہ ریت مافیا نے جمی کنٹہ منڈل میں تھانو گولا اور اوڈیلا منڈل میں گمپولا کے درمیان دریا کے پار چیک ڈیم کو دھماکے سے اڑادیا ہے ۔ جس کے بعد جائے وقوع کا دورہ کیا گیا ۔ فارنسک ماہرین نے نمونے جمع کئے ۔ مقامی کسانوں نے الزام لگایا کہ ریت مافیا نے ریت کی غیر قانونی نقل و حمل کا راستہ صاف کرنے چیک ڈیم کو دھماکے سے اڑا دیا ۔ پولیس کمشنر غوث عالم نے کہا کہ یہ نتیجہ اخذ کرنا ممکن نہیں تھا کہ ڈھانچے کو بغیر مناسب ثبوت کے دھماکے سے اڑا دیا گیا تھا ۔ اصل وجوہات فارنسک رپورٹ کے بعد ہی معلوم ہونگی ۔ رپورٹ کے بعد ہی نتائج کے بنیاد پر کارروائی کی جائے گی ۔ اس واقعہ پر مرکزی وزیر بنڈی سنجے کمار نے مطالبہ کیا کہ حکومت تلنگانہ بھر میں چیک ڈیموں کو نقصان کی تحقیقات کرائے اور ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی کرے ۔۔ ش