کلکٹر پر حملہ کے واقعہ میں سابق رکن اسمبلی پی نریندر ریڈی گرفتار

   

14 دن کی عدالتی تحویل ، بی آر ایس کارکنوں کا احتجاج، حملہ میں ملوث 16 افراد کی گرفتاری

حیدرآباد ۔13۔نومبر (سیاست نیوز) وقار آباد ضلع کلکٹر پرتیک جین اور دیگر عہدیداروں پر حملہ کے معاملہ میں کوڑنگل کے سابق بی آر ایس رکن اسمبلی پی نریندر ریڈی کو پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دے دیا۔ پولیس نے آج صبح پی نریندر ریڈی کو حراست میں لیا اور انہیں عدالت میں پیش کیا گیا۔ کوڑنگل کورٹ نے نریندر ریڈی کو 27 نومبر تک 14 دن کی عدالتی تحویل میں دینے کی ہدایت دی ہے۔ عدالت کے فیصلہ کے بعد نریندر ریڈی کو پولیس کی سخت سیکوریٹی میں جیل منتقل کیا گیا۔ کوڑنگل کورٹ کے اطراف پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کئے تھے چونکہ بی آر ایس کارکنوں کی جانب سے احتجاج کا اندیشہ ظاہر کیا گیا تھا ۔ عدالت سے جیل کے راستے میں پولیس نے سخت چوکسی اختیار کی۔ واضح رہے کہ وقارآباد ضلع کے لگچرلا گاؤں میں فارما کمپنی کے قیام کیلئے اراضی حصول کے مسئلہ پر عوامی رائے جاننے کیلئے ضلع کلکٹر پرتیک جین دیگر عہدیداروں کے ساتھ پہنچے تھے۔ مبینہ طور پر بی آر ایس کے حامیوں نے ضلع کلکٹر اور دیگر عہدیداروں کی گاڑ یوں پر حملہ کردیا ، سنگباری میں ایک عہدیدار زخمی ہوئے۔ واقعہ کے اصل ملزم سریش ، سابق رکن اسمبلی نریندر ریڈی کے حامی بتائے گئے ہیں۔ واقعہ کے بعد نریندر ریڈی نے سریش سے فون پر بات کی تھی ۔ کال ڈیٹا کی تفصیلات حاصل کرنے کے بعد پولیس نے سابق رکن اسمبلی کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ حملہ کے وقت دونوں نے فون پر بات کی تھی۔ پولیس نے آج صبح سابق رکن اسمبلی کو گرفتار کیا اور ان کی طبی جانچ کے بعد کوڑنگل جیل میں پیش کیا گیا ۔ کوڑنگل جیل کے فرسٹ کلاس مجسٹریٹ نے 14 دن کی عدالتی تحویل کا حکم دیا۔ عدالت کے باہر بی آر ایس کارکنوں کے احتجاج کے سبب صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی۔ بی آر ایس کارکنوں نے نریندر ریڈی کو منتقل کرنے والی گاڑ ی کو روک دیا۔ پولیس اور بی آر ایس کارکنوں میں بحث و تکرار ہوئی اور احتجاجیوں کو منتشر کرنے کے بعد سابق رکن اسمبلی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس واقعہ کے سلسلہ میں 55 افراد کو حراست میں لیا گیا ۔ تاہم ابتدائی جانچ کے بعد بے قصور پائے گئے افراد کو رہا کردیا گیا۔ پولیس نے 16 افراد کو اس واقعہ کے سلسلہ میں کل عدالتی تحویل میں دیا ہے جبکہ آج سابق رکن اسمبلی کے علاوہ چار دیگر افراد کی گرفتاری عمل میں آئی جن میں اہم ملزم سریش کا بھائی شامل ہیں۔ سریش اور اس کے ساتھیوں کو پولیس نے منگل کے دن ہی عدالت میں پیش کردیا۔ 1