مسائل سے واقفیت، بچوں کی تعلیم پر توجہ دینے کا مشورہ
حیدرآباد: 15 اکٹوبر (سیاست نیوز) کھمم ٹائون میں آج آٹو ڈرائیورس کو اس وقت حیرت ہوئی جب ضلع کلکٹر مزمل خان اچانک ان کے درمیان پہنچ گئے اور ان کے مسائل دریافت کئے۔ کھمم ٹائون میں اولڈ بس اسٹانڈ کے پاس موجود آٹو ڈرائیورس گاہکوں کی تلاش میں تھے کہ اچانک ایک سرکاری گاڑی پہنچی اور اس میں ایک نوجوان سوار تھا۔ نوجوان سیدھے آٹو ڈرائیورس کے پاس پہنچا اور اپنا تعارف کرایا۔ ضلع کلکٹر کا نام سنتے ہی آٹو ڈرائیورس ششدر رہ گئے اور انہوں نے کلکٹر کی اچانک آمد پر حیرت کا اظہار کیا۔ مزمل خان نے بتایا کہ وہ آٹو ڈرائیورس کی زندگی اور ان کے بچوں کی تعلیم کے بارے میں بات چیت کے لیے آئے ہیں۔ ڈائیورس نے بتایا کہ بچے سرکاری اسکولوں اور اقامتی اسکولوں میں تعلیم کررہے ہیں۔ کلکٹر نے آٹو ڈرائیورس کو مشورہ دیا کہ وہ بچوں کی تعلیم پر توجہ دیں اور پیرنٹ ٹیچر میٹنگس میں پابندی سے شریک ہوں۔ مزمل خان نے سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار کے بارے میں سوال کیا جس پر آٹو ڈرائیورس نے بتایا کہ ٹیچرس پابندی سے حاضر ہورہے ہیں۔ کلکٹر نے کہا کہ وہ تعلیم سے متعلق کسی بھی مسئلہ میں دشواری پر ان سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ آٹو ڈرائیورس کے مطابق تقریباً 3 ہزار آٹو رکشا کھمم ٹائون میں چلائے جاتے ہیں۔ آٹو ڈرائیورس نے انشورنس کی سہولت فراہم کرنے کی اپیل کی۔ مزمل خان نے کہا کہ میونسپل اور گرام پنچایت کے ورکرس کی طرح آٹو ڈرائیورس کو بھی انشورنس کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے آٹو رکشا یونین کے نمائندوں کے ساتھ عنقریب اجلاس طلب کرنے کا تیقن دیا اور کہا کہ نمائندے آٹو ڈرائیورس کے مسائل کے ساتھ رجوع ہوسکتے ہیں۔ کلکٹر کھمم نے علاقہ میں واقع ایک فوٹ ویر شاپ پہنچ کر پروپرائٹر سید بلال پاشاہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے فٹ ویر شاپ کے ملازمین کو مرکزی اور ریاستی حکومت کی اسکیمات سے استفادہ کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا دکان مالک سے کہا کہ وہ مدرالونس کے ذریعہ کاروبار میں توسیع کرسکتے ہیں۔ 1