کلگام میں انکاؤنٹر ،2 عسکریت پسند ہلاک

   

سرینگر۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے ونپورہ علاقے میں ہفتے کی صبح جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہونے والی تصادم آرائی میں دو جنگجو ہلاک ہوئے ہیں تاہم آپریشن ابھی جاری ہے اور مہلوک جنگجوؤں کی شناخت ہونا بھی ابھی باقی ہے ۔پولیس ترجمان کے مطابق کولگام کے ونپورہ علاقے میں ہفتے کی صبح جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز درمیان ہونے والی تصادم آرائی میں دو جنگجو مارے گئے تاہم ان کی شناخت اور تنظیمی وابستگی معلوم ہونا ابھی باقی ہے ۔موصولہ اطلاعات کے مطابق جنگجوؤں کے چھپنے کی اطلاع موصول ہونے پر فوجی کی ایک آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشترکہ پارٹی نے کولگام کے ونپورہ علاقے کو ہفتے کی علی الصبح محاصرے میں جنگجوؤں کی تلاش شروع کردی جس دوران طرفین کے درمیان آمنا سامنا ہوا اور ایک تصادم چھڑ گیا جس میں دو جنگجو مارے گئے ۔دریں اثنا انتظامیہ نے ضلع میں بنا بر احتیاط موبائل انٹرنیٹ خدمات معطل کردی ہیں۔ نیز کسی بھی طرح کے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی ہے ۔