کلینکس اور خانگی دواخانوں کے آوٹ پیشنٹ کھولنے کی اجازت

   

موثر صفائی ‘ احتیاطی تدابیر کی سخت پابندی کیلئے حکام کی ہدایت ‘ مریضوں کیلئے سہولت
حیدرآباد۔17مئی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے دواخانوں میں آؤٹ پیشینٹ اور کلینکس کوکھول دینے کے سلسلہ میں احکام جاری کردیئے گئے ہیں اور دواخانوں کو سماجی فاصلہ کی برقراری اور صفائی کے مؤثر انتظامات کے ساتھ مریضوں کی تشخیص کی اجازت دے دی گئی ہے۔حکومت تلنگانہ کی جانب سے کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے سلسلہ میں جاری کئے جانے وال احکامات کے ساتھ کلینکس اور آؤٹ پیشینٹ کی تشخیص پر پابندی عائد کرتے ہوئے تمام کلینکس اور کارپوریٹ دواخانوں میں آؤٹ پیشینٹ خدمات کو فوری بند کرنے کی ہدایت دی گئی تھی لیکن حکومت ہند کی جانب سے ان کو کھول دیئے جانے کے احکامات کے باوجود ریاستی حکومت کی جانب سے یہ پابندی ختم نہیں کی گئی تھی کیونکہ حکومت کا یہ استدلال تھا کہ اگر تمام ڈاکٹرس اور دواخانوں کو علاج و معالجہ کی سہولت فراہم کرنے کی اجازت دے دی جاتی ہے تو ایسی صورت میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی نشاندہی ممکن نہیں ہوگی اور کورونا وائرس سے متاثرہ مریض دواخانوں کے چکر کاٹتے ہوئے دوسروں کوبھی متاثر کرنے کے مرتکب بنیں گے۔حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے سلسلہ میں کہا جار ہا ہے کہ حکومت نے ان احکامات کی اجرائی کے ساتھ یہ واضح کیا ہے کہ کسی بھی مریض میں کورونا وائرس کی علامات پائے جانے کی صورت میں انہیں گاندھی ہاسپٹل یا چیسٹ ہاسپٹل سے رجوع کیا جائے اور ان لوگوں کا علاج ان کلینکس اور دواخانوں میں نہ کیا جائے کیونکہ ریاستی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے علاج و معالجہ کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔