کل جماعتی اجلاس میں مرکزی حکومت کی جیت ہوئی سیاسی تجزیہ کاروں کی رائے

   

سرینگر: سیاسی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ جموں و کشمیر کے سیاسی قائدین کی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ گزشتہ روز کی میٹنگ سے جہاں مرکزی حکومت کا ہی ایجنڈا ثمر آور ہوا ہے وہیں اس میٹنگ کے ساتھ وابستہ لوگوں کی امیدوں کے چراغ بھی بجھ گئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت یہ میٹنگ طلب کرنے کے مقصد میں کامیاب ہو گئی ہے جبکہ جموں و کشمیر کے لیڈروں نے اپنی بات تو وزیر اعظم کے سامنے رکھی لیکن انہیں ان باتوں کو عملی جامہ پہنانے کے بارے کوئی ٹھوس جواب نہیں ملا۔یو این آئی اردو نے سیاسی تجزیہ کار افتخار مسگر سے جب اس میٹنگ کے حوالے سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ اس میٹنگ میں مرکزی حکومت کی جیت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے اپنے ایجنڈہ کے تحت بات کی لیکن لوگوں کی کہیں کہیں ہمت ٹوٹ گئی۔ سیاسی تجزیہ کار نے کہا کہ مرکزی حکومت اپنے ایجنڈے پر برابر کار بند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت قصووار نہیں ہے وہ اپنے ایجنڈے پر برابر کاربند ہے لیکن جہاں تک ہمارے اصل دھارے کا تعلق ہے تو ان میں ہوس اقتدار زیادہ ہے۔