کل جماعتی میٹنگ میں یکجہتی کا جذبہ نظر آیا :رجیجو

   

نئی دہلی، 25 مارچ (یو این آئی) مغربی ایشیا کے بحران کے باعث پیدا ہوئی صورتحال کے حوالے سے حکومت نے آج یہاں ایک کل جماعتی میٹنگ طلب کی، جس میں شریک تمام جماعتوں نے صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے میٹنگ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترنمول کانگریس کے علاوہ تقریباً تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین نے میٹنگ میں شرکت کی اور اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ میٹنگ کا مقصد تمام سیاسی جماعتوں کو صورتحال سے آگاہ کرنا اور مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ اجلاس میں سکریٹری خارجہ وکرم مسری نے عالمی حالات اور مغربی ایشیا کے بحران پر تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ جس طرح مغربی ایشیا میں بحران بڑھ رہا ہے ، اسے مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے کل جماعتی میٹنگ طلب کی ہے جس کی صدارت وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کی۔ اجلاس میں تمام جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی، صرف ترنمول کانگریس شریک نہیں ہوئی۔ رجیجو نے بتایا کہ انہوں نے خود دو بار درخواست کی تھی، لیکن ترنمول کانگریس کی جانب سے کہا گیا کہ وہ کہیں اور کے دورے پر جا رہے ہیں۔
کانگریس کی جانب سے طارق احمد اور مکل واسنک، جبکہ جے ڈی یو سے للن سنگھ اور سنجے جھا اجلاس میں شریک ہوئے ۔رجیجو نے کہا کہ حکومت نے اجلاس میں ہر قسم کے ابہام کو واضح کر دیا۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ اجلاس کے اختتام پر اپوزیشن جماعتوں نے اس حساس معاملے پر کل جماعتی اجلاس بلانے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسی مشکل اور چیلنجنگ صورتحال میں ہم سب کو متحد رہنا ہوگا۔اجلاس کے ماحول کے بارے میں شری رجیجو نے کہا کہ “میرا ماننا ہے کہ حکومت کی جانب سے آج اس کل جماعتی اجلاس میں دی گئی تفصیلی معلومات اور سوالات کے جوابات کے بعد، مجھے یقین ہے کہ پوری اپوزیشن بحران کے وقت متحد کھڑی رہے گی۔ ایک طرح سے ، میں نے تمام اپوزیشن جماعتوں میں یکجہتی کا جذبہ دیکھا۔ مجھے لگتا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے اجلاس کے آخر میں یہ کہہ کر پختگی دکھائی ہے کہ کسی بھی چیلنجنگ صورتحال میں وہ حکومت کے اٹھائے گئے اقدامات کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔ کئی ارکان آبنائے ہرمز کے ذریعے گیس اور پیٹرولیم کی سپلائی کی تفصیلات جاننا چاہتے تھے ، لیکن اپوزیشن ارکان حکومت کی کوششوں سے مطمئن تھے ۔”واضح رہے کہ مغربی ایشیا کی صورتحال پر بیان دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ کسی بھی چیلنجنگ صورتحال میں ہنی پارلیمنٹ کو متحد ہو کر کھڑا ہونا چاہیے ۔