ٹوکیو22 مئی (یو این آئی) جنتا دل یونائیٹڈ کے صدر سنجے کمار جھا کی قیادت میں ایک کل جماعتی وفد جو پہلگام دہشت گرد حملے اور آپریشن سندور کے بعد پاکستان کی مجرمانہ کارروائیوں کو بے نقاب کرنے کی مہم پر جاپان آیا تھا، نے آج وزیر خارجہ، سابق وزیر اعظم اور جاپانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے چیئرمین سے ملاقات کی۔یہ وفد 22 سے 24 مئی تک جاپان کا دورہ کر رہا ہے ۔ وفد نے جاپانی وزیر خارجہ تاکیشی ایویا سے ملاقات کی۔ تاکیشی ایویا نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے متاثرین کے تئیں دلی تعزیت کا اظہار کیا اور حملے میں زخمی ہونے والوں کے تئیں اپنی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ دہشت گردی کو کسی بھی شکل میں جائز قرار نہیں دیا جا سکتا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جاپان کی ہندوستان اور دنیا کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔جھا نے کہا کہ پہلگام میں دہشت گردانہ حملہ جموں و کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ترقی اور امن کو درہم برہم کرنے کی مذموم کوشش تھی۔ آپریشن سندور کے ذریعے ، ہندوستان نے حملے کا محدود انداز میں جواب دیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جاپان کی حمایت کی درخواست کی اور اس تناظر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 25 اپریل کے پریس بیان پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔دہشت گردی کے اس قابل مذمت فعل کے منتظمین، مالی معاونت کرنے والوں اور اسپانسرز کا احتساب کرنے اور مجرموں کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔جاپانی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی لڑائی میں جاپان کی حمایت کا اعادہ کیا اور ہندوستان کی طرف سے دکھائے گئے تحمل کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی کی کارروائیوں کے قصورواروں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
بعد ازاں وفد نے جاپان کے سابق وزیر اعظم یوشیہائیڈ سوگا، جو اس وقت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیرمین اور جاپان۔انڈیا ایسوسی ایشن کے چیئرمین ہیں، اور جاپان کی قومی سلامتی سے متعلق ایوان نمائندگان کی کمیٹی کے چیئرمین تاکاشی اینڈو سے ملاقات کی۔