بھوپال6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش میں نو تشکیل پندرہویں اسمبلی کا پہلا سیشن کل سے شروع ہوگا۔اسمبلی سکریٹریٹ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پانچ روزہ سیشن سات جنوری سے شروع ہو کر جمعہ 11 جنوری تک چلے گا۔ سیشن کے پہلے دن نو منتخب رکن اسمبلیوں کو حلف دلایا جائے گا۔دوسرے دن اسمبلی کے اسپیکر کا الیکشن ہوگا۔ اسی دن گورنر ڈاکٹر آنندي بین پٹیل خطاب کریں گی۔ گورنر کے خطاب پر 10 اور 11 جنوری کو بحث ہوگی۔9، 10 اور 11 جنوری کو دیگر سرکاری کام بھی کئے جائیں گے ۔کانگریس میڈیا سیکشن کے نائب صدر بھوپیندر گپتا کے مطابق پارٹی اراکین کی میٹنگ آج شام دارالحکومت بھوپال میں ہورہی ہے ۔میٹنگ میں وزیر اعلی کمل ناتھ کے ساتھ تمام رکن اسمبلی شامل ہوں گے ۔ میٹنگ میں پارٹی کے ریاستی انچارج دیپک باویریا، سابق وزیر اعلی دگ وجے سنگھ اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ وویک تنکھا سمیت دیگر رہنما بھی موجود رہیں گے ۔میٹنگ میں سیشن کی حکمت عملی کے بارے میں بحث ھوگی۔