کل عنبر پیٹ بتکماں کنٹہ میں تقاریب ،چیف منسٹر ریونت ریڈی کی شرکت

   

29 ستمبر کو سرور نگر میں 10 ہزار خواتین کے ساتھ بتکماں پروگرام ، چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 24 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ 29 ستمبر کو سرور نگر اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے بتکماں پروگرام اور 26 ستمبر کو چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے بتکماں پروگرام میں شرکت کے سلسلہ میں وسیع تر انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ چیف سکریٹری نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ دونوں پروگراموں کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ 29 ستمبر کا پروگرام گنیز بک آف ریکارڈ میں درج کیا جاسکتا ہے ۔ تلنگانہ حکومت بڑے پیمانہ پر بتکماں تقاریب کا اہتمام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عنبر پیٹ میں بتکماں کنٹہ کا احیاء اور ترقی کا کام مکمل ہوچکا ہے اور 26 ستمبر کو چیف منسٹر ریونت ریڈی بتکماں کنٹہ عنبر پیٹ میں بتکماں تقاریب میں حصہ لیں گے ۔ اس پروگرام میں خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت کا امکان ہے ۔ جی ایچ ایم سی اور حیڈرا کو انتظامات کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ عوامی نمائندوں اور اہم شخصیتوں کے لئے انتظامات کی ذمہ داری کمشنر جی ایچ ایم سی کے ذمہ کی گئی ہے ۔ شام 4 بجے سے خواتین بتکماں کنٹہ تالاب پہنچنے لگیں گے ۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ 29 ستمبر کو سرور نگر اسٹیڈیم میں بتکماں تقاریب گنیز بک آف ریکارڈ میں درج کی جائیں گی جس میں 10 ہزار سے زائد خواتین شرکت کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ 27 ستمبر کو ٹینک بنڈ پر تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ 29 ستمبر کو پیپلز پلازا میں تقاریب ہوں گی۔ اجلاس میں پرنسپل سکریٹری آر اینڈ بی وکاس راج ، کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند ، مینجنگ ڈائرکٹر آر ٹی سی سجنار ، کمشنر حیڈرا رنگناتھ ، کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن ، فائر سرویسز کے ڈائرکٹر جنرل ناگی ریڈی ، ٹورازم کے مینجنگ ڈائرکٹر اے کرانتی کے علاوہ کلکٹر حیدرآباد ہری چندنا اور کلکٹر رنگا ریڈی نارائن ریڈی نے شرکت کی۔ 1
نواب بہادر یارجنگ پر کتاب کی رسم رونمائی
حیدرآباد۔24/ستمبر۔ ( راست ) ۔ قائد ملت نواب بہادر یار جنگ، زندگی اور ان کی ادبی خدمات پر ڈاکٹر زاہدحسین تماپوری کی کتاب کی رسم رونمائی کی تقریب ہفتہ 27/ ستمبر کو 7 بجے شام میڈیا پلس آڈیٹوریم گن فاؤنڈری میں منعقد ہوگی۔ ڈاکٹر محمد صفی اللہ ڈائریکٹر سکریٹری اردو اکیڈیمی سی ای او حج کمیٹی مہمان خصوصی نواب شاہد غلام رسول خان نبیرہ بہادر یار جنگ مہمان اعزازی ہوں گے۔ جناب مقصود علی خان ایڈیٹر نور ولایت صدارت کریں گے۔ مقررین میں پروفیسر خواجہ ناصر الدین، ڈاکٹر اسلام الدین مجاہد، پروفیسر اسلم فاروقی، قاضی عزیز اللہ عثمانی ہوں گے۔ جناب ضیاء الدین نیر صدرمجلس تعمیر ملت کی دعاء پر اختتام عمل میں آئے گا۔ کنوینر سید فاضل حسین پرویز کے مطابق زاہد حسین تمام پوری، جناب غوث خاموشی مرحوم کے داماد ہیں نے قائد ملت پر پی ایچ ڈی کی ہے۔