حیدرآباد۔/19 ستمبر، ( سیاست نیوز) سیاست میں کوئی مستقل دوست و دشمن نہیں ہوتا اس کا ثبوت آج اس وقت دیکھنے کو ملا جب کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے احاطہ اسمبلی میں وزیر فینانس ہریش راؤ سے ملاقات کی۔ حالیہ عرصہ میں جگا ریڈی نے ہریش راؤ کے خلاف سخت بیان بازی کی تھی اور انہیں سنگاریڈی کی ترقی کو نظرانداز کرنے ذمہ دار قرار دیا تھا۔ جگا ریڈی کے بیانات کے پس منظر میں یہ ملاقات اہمیت کی حامل ہے۔ تقریباً نصف گھنٹہ تک دونوں قائدین نے مختلف امور پر بات کی اور بعد میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ اپنے اسمبلی حلقہ کے عوام کیلئے انہوں نے تقریباً 14 سال بعد ہریش راؤ سے بات چیت کی ہے۔ سنگاریڈی اسمبلی حلقہ کی ترقی میں تعاون کی اپیل کی گئی۔ ہریش راو نے ان کی تجاویز پر مثبت ردعمل کا اظہارکیا۔ ایک دوسرے کے کٹر سیاسی حریفوں کی یہ ملاقات میڈیا کیلئے بھی حیرت کا باعث رہی تاہم جگا ریڈی نے اسے غیر سیاسی اور سنگاریڈی کی ترقی اور عوام کی بھلائی کیلئے کی گئی ملاقات سے تعبیر کیا۔