کل ہند صنعتی نمائش میں تین دن کی توسیع

   

ہائیکورٹ کی اجازت ۔ نمائش 18 فبروری تک جاری رہے گی
حیدرآباد /14 فبروری (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے صنعتی نمائش میں تین دن کی توسیع کی اجازت دیدی ۔ نمائش سوسائیٹی نے ہائیکورٹ میں لنچ موشن کے تحت درخواست داخل کی جس میں نمائش کو /18 فبروری تک توسیع دینے کی درخواست کی گئی ۔ چیف جسٹس راگھو سنگھ چوہان اور جسٹس ابھیشیک ریڈی نے سوسائیٹی کے وکیل اور مفاد عامہ درخواست داخل کرنے والے وکیل کے مباحث کے بعد نمائش میں تین دن کی توسیع دیدی ۔ سوسائیٹی نے استدعا کی تھی کہ تاجرین کی درخواست پر /18 فبروری تک توسیع طلب کی جارہی ہے ۔ عدالت نے ڈی جی پی ، کمشنر حیدرآباد اور کمشنر بلدیہ کو ہدایت دی کہ وہ مناسب انتظامات کریں ۔ واضح رہے کہ 2019 ء میں نمائش میں مہیب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں سینکڑوں اسٹال خاکستر ہوئے تھے ۔ ایک وکیل خواجہ اعجاز الدین نے درخواست مفاد عامہ میںمناسب احتیاط نہ کرنے پر نمائش بند کردینے کا مطالبہ کیا تھا جس پر عدالت نے مختلف محکمہ جات سے رپورٹ طلب کی تھی ۔ اس رپورٹ کی بنیاد پر ہی نمائش کی اجازت دی گئی تھی ۔