کل ہند صنعتی نمائش کا آج آغاز

   

حیدرآباد 31 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) 83 ویں کل ہند صنعتی نمائش کا کل پیر یکم جنوری 2024 کو آغاز ہوگا ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی پیر کی شام 4 بجے نمائش کا افتتاح انجام دینگے ۔ نمائش کے کامیاب انعقاد کیلئے نمائش سوسائیٹی کی جانب سے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ نمائش دیکھنے آنے والے عوام کیلئے کئی پرکشش اقدامات کئے گئے ہیں۔ نمائش میں ملک کی مختلف ریاستوں اور شہروں سے آئے تاجرین اپنی اشیاء کی فروخت کریں گے ۔ اسکے علاوہ تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام ہے ۔ عوام کی پسند کے مطابق کھانے کی اشیاء کی بھی اسٹالس لگائی گئی ہیں۔ نمائش میں سکیوریٹی اور حفاظت کے کئی اقدام کئے گئے ہیں۔ نمائش یکم جنوری سے 15 فبروری تک جاری رہے گی ۔ عوام کیلئے داخلہ ٹکٹ 40 روپئے مقرر کیا گیا ہے ۔ اس بار نمائش میں عمر رسیدہ افراد کیلئے 11 بجے دن تا 3 بجے سہ پہر گاڑیوں میں بیٹھ کر مشاہدہ کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے ۔ نمائش کے ایام میں آر ٹی سی کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات سے نمائش میدان تک کیلئے خصوصی بسوں کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے ۔ اس کے علاوہ میٹرو ٹرین کی سہولت سے بھی عوام استفادہ کرسکتے ہیں۔ سٹی پولیس کی جانب سے بھی نمائش کے پیش نظر وسیع تر انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ نمائش کے پیش نظر ٹریفک تحدیدات بھی عائد کی جا رہی ہیں۔