کل ہند صنعتی نمائش کا ڈپٹی چیف منسٹر نے افتتاح انجام دیا

   

Ferty9 Clinic

گنگا جمنی تہذیب کا مرکز قرار دیا ۔ ملوبٹی وکرامارکا ‘ پونم پربھاکر و سریدھر بابو کا خطاب

حیدرآباد یکم جنوری (سیاست نیوز) کل ہند صنعتی نمائش کا افتتاح ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارکا نے انجام دیا ۔ ۔ تقریب میں وزیر ٹرانسپورٹ اور بی سی ویلفیر پونم پر بھاکر وسابقہ رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو شریک تھے۔ صدر نمائش سوسائٹی وریاستی وزیر مسٹر ڈی سریدھر بابو نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں ملو بھٹی وکرم ارکا نے نمائش کی تاریخ بتائی اور کہاکہ سارے ملک میں یہ مقبول ترین نمائش ہے جہاں ملک کی ہرریاست کی مقبول ترین مصنوعات کی نمائش اور فروخت کی جاتی ہے ۔ ملو بھٹی نے نمائش کو گنگاجمنی تہذیب کا مرکز قراردیا اور کہاکہ نمائش کی شروعات 1938 میں عثمانیہ گریجویٹس نے کی تھی ۔ انہوں نے کہاکہ ای کامرس کے انقلابی دور کے باوجود حیدرآباد کی تاریخی نمائش میں ہزاروں افراد کی آمد ملک بھر سے اسٹالس لگانے کا عمل اور بھاری خرید و فروخت نمائش کی مقبولیت کی مثال ہے ۔ملو بھٹی نے بدلتے تقاضوں کے مطابق نمائش کو ہم آہنگ کرنے پر زوردیا۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد کیلئے یہ اعزاز ہے کہ ملک کے بڑے قائدین اور دانشواروں نے اس کا ماضی میںافتتاح کیا ہے ۔پونم پربھاکر نے نمائش کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہاکہ بحیثیت حیدرآباد انچارج وزیر وہ نمائش کو مزید فعال بنانے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ یہ فخر کی بات ہے کہ میں نمائش کیلئے بحیثیت وزیر کچھ کام انجام دوں گا۔ سریدھر بابو نے کہاکہ نمائش تلنگانہ کا ثقافتی ورثہ ہے ۔ وہ طالب علمی کے دور سے نمائش آتے ہیں۔ انہوں نے نمائش کو گنگا جمنی تہذیب کا مرکز قراردیا او رکہاکہ نمائش کا مشاہدہ کرنے والوں تک تمام لوگ مذہبی وابستگی سے بالاتر ہوکر آتے اور نمائش کا مشاہدہ کرتے ہیں۔ سریدھر بابو نے کہاکہ پچھلے 84سالوں میں بہت تبدیلیاں آئی ہیں اور آئندہ برسوں میںبھی تبدیلیاں آئیںگی تاہم نمائش کی مقبولیت میں کمی نہیں آئی ہے۔ انہوں نے نمائش سوسائٹی خدمات پر کہاکہ بے شمار تعلیمی ادارے سوسائٹی کے تحت ہیں جہاں کم خرچ میںمعیاری تعلیم خواتین او رلڑکیو ں کو دی جاتی ہے ۔ انہوں نے نمائش سوسائٹی کے تحت اداروں سے متعلق کہاکہ اب سوسائٹی کے تحت ایک یونیورسٹی کا قیام بھی ضروری ہے ۔ اس سے قبل سوسائٹی ذمہ داران نائب صدر آر سوکیش ریڈی ‘ اعزازی سکریٹری بی این راجیشوار ‘ خازن ڈاکٹر این سنجیو کمار اور اعزازی جوائنٹ سکریٹری ٹی چندرشیکھر نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ بی این راجیشوار اعزازی سکریٹری نے سالانہ رپورٹ پیش کی ۔شکریہ کے فرائض ٹی چندرشیکھر نے انجام دئے ۔