کل ہند صنعتی نمائش کا یکم جنوری سے آغاز، پچاس روپئے شرح ٹکٹ مقرر

   

Ferty9 Clinic

مفت پارکنگ، صدر نمائش سوسائٹی و وزیر سریدھر بابو کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔ 28ڈسمبر(سیاست نیوز) 85ویں کل ہند صنعتی نمائش کا آغازیکم جنوری 2026سے ہوگا اور 45دنوں تک یہ صنعتی نمائش حسب روایت کام کریگی ۔ مجوزہ نمائش کے اوقات‘ سہولتوں ‘ اسٹالس اور حفاظتی انتظامات کے متعلق تفصیلات پیش کرتے ہوئے صدر نمائش سوسائٹی ڈی سریدھر بابو ( آئی ٹی منسٹر تلنگانہ) نے بتایاکہ 85ویں کل ہند صنعتی نمائش کا ٹکٹ فی کس50روپئے رہے گا اور سوسائٹی کی جانب سے گاڑیوں کی پارکنگ کے مفت انتظامات رہیں گے۔ اس کے علاوہ شام 4بجے سے رات 10:30بجے جبکہ ہفتہ ‘اتوار اور تعطیلات کے دوران شام4بجے تا رات 11بجے نمائش کام کریگی ۔شہر کے نواحی علاقوں سے بھی خصوصی بسیں نمائش کے لئے چلائی جائیں گیں۔ حفاظتی انتظامات اور نمائش کے دوران مصنوعی ذہانت( اے ائی) کا استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ملو بھٹی وکرم ارکا کے ہاتھوں سے نمائش کا افتتاح عمل میںآئے گا جبکہ افتتاحی تقریب میںمہمانِ خصوصی کی حیثیت سے ریاستی وزیر سنیما ٹوگرافی ‘ بلڈنگ اور روڈس کومٹی ریڈی وینکٹ ریڈی شرکت کریں گے۔ 1050اسٹالس اور نمائش کا مشاہدہ کرنے والوں کی حفاظت کے لئے 106 سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیاجارہا ہے۔انہوں نے نمائش کو تلنگانہ بالخصوص حیدرآبادی تہذیب کا ایک اہم مرکز قراردیا او رکہاکہ تلنگانہ میں چھوٹی صنعت ‘ گھریلوصنعت پر مشتمل مصنوعات بھی نمائش کے لئے یہاں پر دستیاب ہوتے ہیں۔ سریدھر بابو نے مزیدکہاکہ سرکاری محکموں کے اسٹالس بھی قائم کئے جاتے ہیںاور شعور بیداری کے لئے مختلف سرکاری محکموں کے اسٹالس بھی نصب کئے جاتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ مفت پارکنگ کی سہولتیں گورہا کلپا‘ چندرا وہار‘گگن وہار‘بھیم رائو واڑہ کے علاوہ نمائش کے گیٹ نمبر 1محض100میٹر کے فاصلے پر واقع ہمہ منزلہ خودکار ملٹی لیول پارکنگ چار پہیوں اور دوپہیوں والی گاڑیوں کے لئے فراہم کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ یشودھا اسپتال کی جانب سے واجبی پیسو ں میں مختلف طبی خدمات نمائش کے دوران فراہم کئے جارہے ہیں ۔ اس کے علاوہ لائنس انٹرنیشنل کی جانب سے نمائش میدان پر ایک ائی اسپتال بھی قائم جارہا ہے۔اس سال نمائش کی خصوصیت کے حوالے سے سرید ھر بابو نے کہاکہ خواتین کو خودمختار بنانے کے لئے ‘ خاتون تاجرین او رکارباریوں کے لئے اپنے مصنوعات پیش کرنے اور اس کی نمائش کرنے کے لئے اسٹالس الاٹ کئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ سوسائٹی کی جانب سے چلائے جانے والے تعلیمی اداروں اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں پر بھی سریدھر بابو نے روشنی ڈالی۔اعزازی سکریٹری نمائش سوسائٹی بی این راجیشوار رائو کے علاوہ دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔