کل ہند مرکزی میلاد کمیٹی کا مرکزی جلسہ شب برأت

   

Ferty9 Clinic

انتظامات تیزی سے جاری، مقامی و بیرونی علمائے دین کی شرکت
حیدرآباد 14 اپریل (پریس نوٹ) ڈاکٹر محمد عبدالنعیم ذکی سیٹھ (معتمد کمیٹی) نے بتایا کہ حسب سالہائے قدیم منائے جانے والے کمیٹی کے زیراہتمام سالانہ مرکزی جلسہ شب برأت 20 اپریل کو میلاد میدان روبرو خلوت پیالس بعد نماز عشاء جناب خواجہ معین الدین اقبال ملتانی (صدر کمیٹی) کی زیرنگرانی منعقد ہوگا۔ جلسہ کا آغاز قرأت کلام مجید سے ہوگا۔ شہر کے معروف نعت خواں نعت شہہ کونین صلی اللہ علیہ و سلم سنانے کی سعادت حاصل کریں گے۔ حیدرآباد کے علمائے دین کے علاوہ شمال اور جنوبی ہند کے معروف و جید علماء شرکت و خطاب کریں گے۔ اس سلسلہ میں کمیٹی نے انتظامات کو وسعت دی ہے اور انتظامات بڑی تیزی سے جاری ہیں۔ محکمہ بلدیہ و محکمہ برقی و آبرسانی و محکمہ پولیس سے ارکان کمیٹی نے نمائندگی کی ہے۔ جلسہ گاہ اور اس کے اطراف و اکناف صاف صفائی کا کام متعلقہ کارپوریٹر اپنی راست نگرانی میں کروارہے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ ریاستی سطح کا تاریخ ساز اجلاس ہے جس کی وجہ سے عوام و خواص میں مذکورہ اجلاس کو بڑی مقبولیت حاصل ہے چنانچہ ارکان کمیٹی اسی کے پیش نظر اپنی اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے انتظامات میں مصروف ہیں۔ علماء و مشائخ، ریسرچ اسکالر اور مہمانان خصوصی کے لئے وسیع و عریض شہ نشین (اسٹیج) جناب ابراہیم بھائی ڈیکوریٹر تیار کررہے ہیں۔ شہ نشین پر صرف مدعو حضرات ہی کا داخلہ رہے گا جبکہ میڈیا کے نمائندوں کے لئے شہ نشین کے دائیں جانب نشستیں مختص رہیں گی۔ ریاستی ٹی چینل پر بھی براہ راست (لائیو) نشر کیا جائے گا۔ خواتین کے لئے شہ نشین کے عقبی حصہ کمیونٹی ہال میں پردہ کا معقول نظم رہے گا۔ دینی و مذہبی کتابوں، عطریات، ٹوپی وغیرہ کے اسٹال لگانے والے جناب محمد فردوس چشتی افتخاری سے میریڈین کالج کالے پتھر پر رابطہ کرکے اجازت نامہ حاصل کرلیں اور اپنی جگہ قبل ازوقت مختص کرلیں۔ سامعین و ناظرین کی سہولت کے لئے جگہ جگہ جلسہ گاہ میں کلوز ٹی وی اسکرین بھی نصب کئے جارہے ہیں۔ عامۃ المسلمین سے کثیر تعداد میں شرکت اور دوست احباب کو بھی شرکت کی ترغیب کی اپیل کرتے ہیں۔