کمبوڈیا ،تھائی لینڈ سرحد پر جنگ بندی کا خواہاں

   

80ہزار دیہی افراد کی نقل مکانی
نوم پنہ 27جولائی (یو این آئی/ژنہوا) کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن مانیٹ نے اتوار کو کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کی مسلح افواج کے درمیان ‘‘فوری اور غیر مشروط جنگ بندی’’ کی اپنی خواہش کا اعادہ کیا۔ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں، مسٹر مانیٹ نے کہا کہ انہوں نے ہفتے کی رات امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ کمبوڈیا-تھائی لینڈ سرحد پر مسلح جھڑپوں کے معاملے پر فون پر بات کی۔انہوں نے کہا کہ بات چیت کے دوران مسٹر ٹرمپ نے خواہش ظاہر کی کہ وہ ایسی جنگ یا لڑائی نہیں چاہتے جس کے نتیجے میں دونوں طرف کے فوجیوں اور شہریوں سمیت کئی لوگ کی جانیں جائیں یا وہ زخمی ہوں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان فوری جنگ بندی اور امن کی خواہش کی۔انہوں نے کہا کہ اس کے جواب میں میں نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو واضح طور پر بتایا کہ کمبوڈیا دونوں مسلح افواج کے درمیان فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی تجویز سے اتفاق کرتا ہے ۔دوسری طرف کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان مسلح تصادم چوتھے دن بھی جاری رہنے کے باعث کمبوڈیا کے تقریباً 80 ہزار دیہی افراد نے اپنے گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر پناہ لی ہے ۔ کمبوڈیا کی وزارت دفاع کے ترجمان نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔کمبوڈیا کی وزارت دفاع کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل مالی سوچیتا نے میڈیا کو بتایا کہ تین صوبوں پریہ ویہیر، اودر مینچے اور پرسات سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی تعداد 80 ہزار تک پہنچ گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کل 536 اسکول بند کردیے گئے ہیں جس سے 1,30,000طلباء متاثر ہوئے ہیں۔