ہری دوار: اترکھنڈ کے ہری دوار میں جاری کمبھ میلہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا بڑا ذریعہ بنتا جارہا ہے ۔ چیف میڈیکل آفیسر نے جمعہ کو بتایا کہ شہر میں 30 سادھو کووڈ۔19 کے ٹسٹ میں پازیٹیو پائے گئے ہیں ۔ ہری دوار کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ایس کے جھا نے کہا کہ 30 سادھو کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور یہ سب ہری دوار میں موجود ہیں ۔ ان سے ربط میں آنے والے متعددد بھکتوں کے بھی کورونا سے متاثر ہونے کے قومی امکانات ہیں ۔ بھکتوں میں بہت کم کا ٹسٹ کیا گیا ہے اس لئے ان میں متاثرین کی قطعی تعداد کے بارے میں فی الحال کہا نہیں جاسکتا ۔ انہوں نے بتایا کہ میڈیکل ٹیمیں سادھوؤں کے اکھاڑوں کو جارہی ہیں اور وہاں مسلسل RT-PCR ٹسٹ کئے جارہے ہیں ۔ یہ عمل ہفتہ /17 اپریل سے مزید تیز کردیا جائے گا ۔ چیف میڈیکل آفیسر نے یہ بھی بتایا کہ کورونا پازیٹیو افراد میں جن کا تعلق ہری دوار سے ہے انہیں ہوم کورنٹین کیلئے بھیج دیا گیا ہے اور جو باہر سے آئے ہیں انہیں ہاسپٹلوں میں داخل کرایا گیا ۔
