الہ آباد ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) گنگا جمنی اور سرسوتی کے سنگم پر آج طلوع آفتاب کے ساتھ ہی ’’ہر ہر گنگا‘‘ کے نعروں کی گونج میں کمبھ میلے کا آغاز ہوگیا جس کے پہلے ہی دن ایک اندازہ کے مطابق 1.40 کروڑ افراد نے دریا میں ڈبکی لگائی۔ اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ نے 2.5 کروڑ افراد کے ڈبکی لگانے کا دعویٰ کیا ہے۔ مکر سنکرانتی سے اس تہوار کا آغاز ہوتا ہے اور 50 روزہ کمبھی میلے میں دھرم ہندو کے مطابق پرتر اشنان ہوتا ہے۔ یہ مقام گنگا، جمنی اور دیومالائی سرسوتی ندیوں کا سنگم ہے جہاں صدیوں سے یہ ہندو رسوم ادا کی جاتی رہی ہیں۔ یہ قدیم ترین رسوم تاریخی اور عصری دور میں آزمودہ اور کھرے اترے ہیں۔ یاتریوں کی گرمجوشی نے سرد موسم کو بھی شکست دیدی جہاں ٹھٹھرا دینے والی سردی کے دوران ایک عمر رسیدہ جوڑے کو صبح کی اولین ساعتوں کے دوران کمر برابر پانی میں اتر کر پوتراشنان کرتا دیکھا گیا۔ اس مقام پر ’’شاہی اشنان‘‘ کو بھی نمایاں اہمیت حاصل ہے۔