کمرشیل نل کنکشن کے لیے آٹو میٹک ریڈنگ میٹرس

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد میں تقریبا 10 ہزار کمرشیل کنکشن ، کئی میٹرس غیر کارکرد
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : گریٹر حیدرآباد شہر میں پانی کے استعمال میں روز بروز زبردست اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ اس صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے کمرشیل اغراض کے لیے استعمال کیے جانے والے ہر قطرہ پانی کا مکمل طور پر اندازہ لگانے کے لیے ہر کمرشیل نل کے کنکشن کو آٹو میٹک ریڈنگ بتانے والے واٹر میٹرس ( اے ایم آر سی ) کی تنصیب عمل میں لانے کا حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ نے فیصلہ کیا ہے ۔ حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ شہر حیدرآباد میں تقریبا دس ہزار کمرشیل نل کنکشن پائے جاتے ہیں ۔ جن کے منجملہ 5 ہزار نل کنکشن کو ہی ’ آٹو میٹک ریڈنگ میٹرس ‘ ہی کارکرد ہیں ۔ ماباقی نل کنکشن کے میٹرس غیر کارکرد ہوجانے کی وجہ سے حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے نقصانات میں بھی روز بہ روز اضافہ ہوتا جارہا ہے کیوں کہ بعض مقامات پر میٹرس ریپرنگ میں رہنے کا اظہار کر کے عام نوعیت کے بلز ( رقومات ) ہی وصول کئے جارہے ہیں اگر گریٹر حیدرآباد میں پائے جانے والے تمام کمرشیل نل کنکشنس کو آٹو میٹک ریڈنگ میٹر جب تک نصب نہیں کئے جاتے تب تک حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کی آمدنی میں اضافہ ہرگز ممکن نہیں ہے ۔ اس طرح میٹرس کی تنصیب پر آمدنی میں اضافہ ہوسکے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سب سے پہلے کمرشیل نل کنکشن پائے جانے والے صارفین کے پاس میٹرس نہ رہنے پر انہیں نوٹسیں جاری کرنے اور بعد ازاں مرحلہ وار اساس پر میٹرس کی تنصیب عمل میں لانے جیسے اقدامات کرنے کا حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ عہدیداروں نے فیصلہ کیا ہے اور حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے تنصیب عمل میں لائے جانے والے آٹو میٹک ریڈنگ میٹرس کے ہر ماہ بل میں رقومات وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں منصوبہ جات مرتب کئے جارہے ہیں ۔ حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے گریٹر حیدرآباد شہر کے حدود میں یومیہ 540 ملین گیلنس پانی سربراہ کیا جارہا ہے لیکن سربراہ کئے جانے والے پانی میں 40 فیصد پانی ضائع ہوا کرتا ہے ۔ جس کا کوئی حساب نہیں ہوتا ۔ علاوہ ازیں غیر مجاز نل کنکشن ، میٹرس کے ناکارہ ہوجانے ، پائپوں کے ذریعہ پانی کا اخراج ہونے سے کافی حد تک پانی ضائع ہوا کرتا ہے ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ملک کی راجدھانی دہلی کے بعد پانی کی سربراہی کے ذریعے نقصان ہونے والے واٹر بورڈ میں حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کو ملک بھر میں دوسرا مقام حاصل ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ گریٹر حیدرآباد شہر میں جملہ 9.8 لاکھ نل کنکشن پائے جاتے ہیں ۔ ان 9.8 نل کنکشنوں کے منجملہ تقریبا 70 فیصد نلوں کو میٹرس نہیں پائے جاتے ہیں اور پائے جانے والے میٹرس میں بھی کافی حد تک میٹرس ناکارہ و غیر کارکرد پائے جاتے ہیں ۔۔