نئی دہلی، 10 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے کہا ہے کہ دلتوں، آدیواسیوں اور پسماندہ طبقات پر مسلسل حملوں سے واضح ہے کہ ملک میں کمزور طبقات کو دبانے کی سیاست جاری ہے ، جو جمہوریت کے لیے مہلک ہے ۔ کھڑگے نے جمعہ کے روز وزیراعظم نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی جی، نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کی رپورٹ کے مطابق 2013 سے 2023 کے درمیان دلتوں کے خلاف جرائم میں 46 فیصد اضافہ ہوا ہے ، جب کہ آدی واسیوں کے خلاف جرائم میں 91 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ ہریانہ میں ایک آئی پی ایس افسر کے ساتھ ذات پات کی بنیاد پر امتیاز، ہری اوم والمیکی پر ظلم، چیف جسٹس پر حملہ اور اس کو جائز قرار دینے والی بی جے پی کی سوچ، اور بی جے پی حکومت والے راجستھان کے سوائی مادھوپور ضلع میں دلت بزرگ خاتون کملا دیوی ریگر پر ظلم و ستم، یہ تمام حالیہ واقعات محض حادثات نہیں ہیں بلکہ آر ایس ایس، بی جے پی کی جاگیردارانہ سوچ کا خطرناک اظہار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ آئین، سماجی انصاف اور مساوات کے بنیادی اصولوں پر سیدھا حملہ ہے ، دلت، پسماندہ، آدیواسی اور محروم طبقات کو ڈرا کر دبانے کی یہ سیاست جمہوریت کے لیے سنگین خطرہ ہے ۔
کھڑگے نے کہا کہ ہندوستان آئین کے مطابق چلے گا، نہ کہ کسی انتہا پسند نظریے کے فرمان سے ، دلت، آدی واسی، پسماندہ، اقلیتی اور کمزور طبقات اس کا خمیازہ بھگت رہے ہیں اور آپ ان پر آنکھیں بند کر کے اپنے ہی تماشوں میں مصروف ہیں۔