نئی دہلی، 19اکتوبر (یو این آئی) ملک میں کمزور طبقوں اور خاص طور پر مسلمانوں کو سماجی، تعلیمی اور معاشی طور پر اوپر اٹھانے پر زور دیتے ہوئے سہیوگ اربن تھرفٹ اینڈ کریڈٹ کوآپریٹو سوسائٹی لمٹیڈ کے چیرمین ایم شمس الضحی نے کہا کہ کمزور اور محروم طبقوں کو جب تک پاؤں پر کھڑا نہیں کیا جاتا اس وقت تک معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔یہ بات انہوں نے آج یہاں سہیوگ اربن تھرفٹ اینڈ کریڈٹ کوآپریٹو سوسائٹی لمٹیڈ کی جیت پور میں نئی برانچ کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ معاشرہ میں جس طرح معاشی طور پرچھوٹے موٹے تاجروں اور دوکانداروں کا استحصال کیا جارہا ہے اس کے سبب ان کی ترقی نہیں ہورپارہی ہے اور ان کی ساری کمائی مہاجن کے سود کی ادائیگی میں نکل جاتی ہے ۔ اسی کے سدباب کے لئے سہیوگ اربن تھرفٹ اینڈ کریڈٹ کوآپریٹو سوسائٹی لمٹیڈ کا قیام عمل لایاگیاہے تاکہ غریبوں اور جھوٹے موٹے تاجروں کو استحصال سے بچایا جاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ کوآپریٹو سوسائٹی آپ کے پیسے سے آپ کے ذریعہ چلائی جارہی ہے ۔ آپ کے پیسے سے کسی کی بھلائی ہوسکتی ہے اور آپ کا پیسہ بھی جمع رہے گا۔ آپ کی جیب میں جمع پیسہ دوسرے کے کاروبار میں معاون ثابت ہوگا اور چھوٹے کاروباریوں کو اپنے پیر پر کھڑا ہونے کا موقع فراہم کرے گا۔مسٹر شمس الضحی نے اپیل کی کہ آئیے ہم معاشرہ کے پسماندہ طبقات کو اوپر اٹھانے میں ان کی مددکریں۔ہماری تھوڑی سی کوشش کسی لئے بڑی کامیابی کا خیمہ ثابت ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سہیوگ اربن تھرفٹ اینڈ کریڈٹ کوآپریٹو سوسائٹی لمٹیڈ کاروباری قرض کے ساتھ تعلیمی قرضے بھی بلاسود فراہم کرتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ یاد رکھیں کہ اگر آپ پالیسی میں شراکت نہیں رکھتے توآپ کاحصہ دوسروں کے پاس چلا جائے گا۔