ریاستی وزراء نے خراج پیش کیا ، تلنگانہ کی تشکیل میں دستور کا اہم رول
حیدرآباد۔14 ۔ اپریل (سیاست نیوز) دستور ہند کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی 131 ویں جینتی کے موقع پر ریاستی حکومت کی جانب سے تقاریب کا اہتمام کیا گیا ۔ ریاستی وزراء محمد محمود علی ، کے ایشور ، نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ بی ونود کمار ، عوامی نمائندوں اور مختلف دلت تنظیموں نے ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر ایک نامور مقرر ، ادیب اور فلسفی تھے۔ انہوں نے مجاہد آزادی کے طور پر نمایاں خدمات انجام دیں۔ ماہر قانون کی حیثیت سے ڈاکٹر امبیڈکر نے دستور مدون کیا جس میں تمام طبقات کو یکساں حقوق فراہم کئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر امبیڈکر ایک سماجی مصلح تھے جنہوں نے اپنی ساری زندگی کمزور اور پسماندہ طبقات کے مفادات کے تحفظ کی جدوجہد میں صرف کردی ۔ دستور کی دفعہ 3 کے تحت علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام میں مدد ملی ہے۔ تلنگانہ عوام ڈاکٹر امبیڈکر کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ ایس سی ، ایس ٹی طبقات کو تعلیم اور روزگار میں تحفظات کی فراہمی میں ڈاکٹر امبیڈکر کا اہم رول رہا ۔ او بی سی طبقات کیلئے دستور کی رو سے تحفظات فراہم کئے گئے ۔ محمود علی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں کمزور طبقات کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے ۔ کے سی آر نے تلنگانہ میں 60 ہزار کروڑ درج فہرست اقوام کی ترقی پر خرچ کئے ہیں۔ جاریہ سال بجٹ میں 17700 کروڑ روپئے ایس سی طبقات کیلئے مختص کئے گئے۔ حکومت نکلس روڈ پر ڈاکٹر امبیڈکر کا مجسمہ نصب کر رہی ہے جہاں میوزیم ، لائبریری اور کانفرنس ہال تعمیر کیا جائے گا ۔ر