کمزور طبقات اور اقلیتوں کو مالی امداد کی فراہمی میں کے سی آر حکومت کی دلچسپی

   

بی سی بندھو اسکیم کے چیکس کی تقسیم، وزیر فینانس ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔/30 جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے کہا کہ کے سی آر حکومت کمزور طبقات میں مختلف پیشوں سے وابستہ افراد کیلئے صد فیصد سبسیڈی کی اسکیم متعارف کرچکی ہے۔ بی سی طبقات میں مختلف پیشوں سے وابستہ افراد کو ایک لاکھ روپئے کی امداد فراہم کی جارہی ہے اسی طرح اقلیتوں کیلئے بھی اسکیم کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد معاشی طور پر کمزور طبقات کو خودمکتفی بنانا ہے۔ ہریش راؤ نے آج سدی پیٹ میں بی سی بندھو اسکیم کا آغاز کیا جس کے تحت مستحق بی سی افراد کو ایک لاکھ روپئے کے امدادی چیک تقسیم کئے گئے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ سدی پیٹ اسمبلی حلقہ میں 300 استفادہ کنندگان کا انتخاب کیا گیا اور ایک لاکھ روپئے کی رقم کے ذریعہ مختلف پیشوں سے وابستہ افراد اپنے کاروبار کو مستحکم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کے ذریعہ کسی دستاویزات یا گیارنٹی کے بغیر ایک لاکھ روپئے فراہم کئے جارہے ہیں۔ ہریش راؤ نے بی سی اور دیگر کمزور طبقات بشمول اقلیتوں کیلئے کے سی آر حکومت کے سنجیدہ اقدامات کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ دھوبیوں اور حجاموں کو مفت برقی کی سربراہی کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تاڑی ورکرس کیلئے آٹو لائسنس کی اجرائی اور وائن شاپس میں کوٹہ فراہم کیا جارہا ہے۔ ہریش راؤ نے وشوا برہمن سماج کی ابتر صورتحال کا حوالہ دیا اور کہا کہ حکومت معاشی پسماندگی دور کرنے کیلئے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے سدی پیٹ میں بی سی ڈگری اقامتی ہاسٹل کے قیام اور ریاست بھر میں 300 بی سی اقامتی ہاسٹلس کی توسیع کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یادو اور کُرما طبقات کو بھی ایک لاکھ روپئے کی اسکیم میں شامل کیا گیا ہے۔ پدماشالی طبقہ کو دسہرہ اور بتکماں میں ہینڈلوم ساڑیوں کی سربراہی کی ذمہ داری دی جارہی ہے۔ ضلع کلکٹر پرشانت جیون پاٹل نے استفادہ کنندگان پر زور دیا کہ وہ حکومت کی امداد کا بہتر استعمال کریں۔