10 ماہ میں 70 ہزار سرکاری جائیدادوں پر تقررات، ریاستی وزیر وینکٹ ریڈی کا دعویٰ
حیدرآباد ۔11۔ اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ غریب طلبہ کو عالمی سطح پر مسابقت کیلئے تیار کرنے تلنگانہ حکومت نے انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولوں کا وسیع منصوبہ تیار کیا ہے ۔ تلنگانہ کے طلبہ تعلیم کے بعد عالمی سطح پر مسابقت کی دوڑ میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔ وینکٹ ریڈی نے نلگنڈہ میں انٹیگریٹیڈ اقامتی کامپلکس کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ میں تعلیمی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے ہر اسمبلی حلقہ میں اقامتی اسکولس قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خانگی اور کارپوریٹ اسکولوں کے معیار تعلیم سے بہتر تعلیم کا انتظام اقامتی اسکولوں میں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور کھیل کود میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے دو علحدہ یونیورسٹیز قائم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں تعلیم اور روزگار کیلئے ٹھوس قدم نہیں اٹھائے گئے جبکہ کانگریس حکومت نے 10 ماہ میں 70,000 سرکاری جائیدادوں پر تقررات کئے ہیں۔ کے سی آر نے دلت کو تلنگانہ کا پہلا چیف منسٹر بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن اپنے افراد خاندان کو عہدے فراہم کئے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کانگریس کا پرجا پالنا دراصل عوام کی فلاح و بہبود کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت میں جو بے قاعدگیاں کی گئیں ، ان کی جانچ ہو رہی ہیں۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتی طبقات کے طلبہ کو کارپوریٹ طرز کی تعلیم فراہم کرنا حکومت کا مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 برسوں میں تلنگانہ میں نئے تعلیمی انقلاب کا آغاز ہوگا۔ 1