کمزور طبقات کو راغب کرنے مودی کی کوشش

   

کولکاتا: درج فہرست طبقات اور مَتوا برادری جو مغربی بنگال کے رائے دہندوں میں زائد از 15 فیصد ہوتے ہیں، انہیں بی جے پی کی طرف راغب کرنے کی کوشش میں وزیراعظم نریندر مودی نے آج یقین دلایا کہ تمام پناہ گزینوں، متوا برادری اور نماسترا کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔ انہوں نے ترنمول کانگریس پر تنقید کی کہ اس نے ان برادریوں کو بھکاری بنادیا ہے۔ ضلع لڈیا کے متوا غلبہ والے علاقہ کلیانی میں منعقدہ انتخابی ریالی سے خطاب میں مودی نے کہا کہ دیدی (ممتابنرجی) کو بنگلہ دیش کے اوراکانڈی علاقہ کو میرا دورہ پسند نہیں آیا جہاں متوا طبقہ کے بانی اور سماجی مصلح ہری چند ٹھاکر کی پیدائش ہوئی تھی۔ انہوں نے میرے دورہ پر سوال اٹھائے۔ آج میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ تمام پناہ گزینوں کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے الزام عائد کیا کہ ممتابنرجی کی خوشامدانہ سیاست سے متوا اور دیگر پچھڑے طبقات کو نقصان پہنچا ہے اور انہیں ٹی ایم سی کے جبری وصولی کرنے والے عناصر کو کمیشن ادا کرنا پڑا ہے۔ حتیٰ کہ شیڈولڈ کاسٹ کے اسناد حاصل کرنے بھی کمیشن دینا پڑا۔