ایس سی ایس ٹی کمیشن کی تقریب سے سکھیندر ریڈی اور کے ایشور کا خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی اور وزیر اقلیتی بہبود و بہبودیٔ پسماندہ طبقات کے ایشور نے آج تلنگانہ ایس سی ایس ٹی کمیشن کی جانب سے تیار کردہ کیلنڈر اور ڈائری کی رسم اجراء انجام دی۔ انہوں نے ایس سی ایس ٹی کمیشن کی کارکردگی پر مبنی خصوصی ساونیئر بھی جاری کیا۔ اندرا پریہ درشنی آڈیٹوریم میں اس سلسلہ میں تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت صدرنشین ایس سی ایس ٹی کمیشن ڈاکٹر ای سرینواس نے کی ۔ تقریب میں اسپیشل چیف سکریٹری ایس سی ڈیولپمنٹ اجئے مشرا آئی اے ایس ، سکریٹری قبائلی بہبود بی مہیش دت یکا ، اسپیشل آفیسر بدھا پورنیما پراجکٹ ملے پلی لکشمیا کے علاوہ دیگر شخصیتوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سکھیندر ریڈی نے ریاست میں ایس سی ، ایس ٹی طبقات کے مسائل کے حل کے لئے کمیشن کی کارکردگی کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ درج فہرست اقوام و قبائل کی ترقی کے لئے ٹی آر ایس حکومت نے کئی منفرد اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت کی اسکیمات پر موثر عمل آوری کو یقینی بنائے۔ صدرنشین قانون ساز کونسل نے ڈاکٹر سرینواس کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کمیشن اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے عوام میں شعور بیدار کر رہا ہے۔ وزیر بہبودیٔ قبائل کے ایشور نے کہا کہ تلنگانہ ریاست میں کمزور طبقات کی بھلائی کے لئے کئی پروگرام شروع کئے گئے ہیں۔ کے سی آر نے ایس سی ایس ٹی طبقات کی ترقی کو اولین ترجیح دی ہے۔ بجٹ میں مناسب رقم منظور کرنے کے علاوہ تعلیمی اور معاشی ترقی کے لئے اسکیمات متعارف کی گئی ۔ انہوں نے تعلیمی پسماندگی کے خاتمہ کے لئے اقامتی اسکولوں کے قیام کا حوالہ دیا اور کہا کہ لاکھوں طلبہ مفت معیاری تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ صدرنشین ایس سی ایس ٹی کمیشن ڈاکٹر ای سرینواس نے کمیشن کی کارکردگی سے واقف کرایا اور کہا کہ جو بھی نمائندگیاں وصول ہوتی ہیں ، ان کی یکسوئی کے لئے محکمہ جات سے نمائندگی کی جارہی ہے۔ کمیشن مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے ضلع کلکٹرس اور پولیس عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاحال کمیشن نے بے شمار ایس سی ایس ٹی خاندانوں کو انصاف دلایا ہے۔