کمسن بچوں میں بلب کو چھوکر روشن کرنے کی صلاحیت

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔27 جولائی (سیاست نیوز) حیران کن واقعات اور کرشمے آج بھی رونما ہوتے ہیں جیسا کہ عادل آباد میں 8 سالہ سمیر اور اس کی چھوٹی بہن اس وقت میڈیا اور عوام کی توجہ کا مرکز ہیں کیونکہ یہ بھائی بہن جب کسی بھی ایل ای ڈی بلب کو اپنے جسم کے کسی بھی حصے پر رکھتے ہیں تو وہ بلب روشن ہو جاتا ہے۔یہ کرشماتی بچے زراعت شعبے سے تعلق رکھنے والے مزدور شیخ چاند پاشاہ کی اولاد ہیں۔ خودچاند پاشاہ کو بھی اس کرشمہ کا علم نہیں تھا کہ ان کے بچوں میں برقی موجود ہے اب جبکہ سمیر اور ثانیہ کرشماتی بچے بن چکے ہیں تو وہ عادل آباد سے لیکر عالمی شہرت یافتہ افراد بن چکے ہیں اور ان کے گھر کے سامنے عوام اور میڈیا کا ایک سیلاب امڈ پڑا ہے۔شیخ چاند پاشاہ کو بھی اپنے ان کرشماتی بچوں کی تعجب خیز صلاحیت کا اندازہ اس وقت ہوا جب چاند پاشاہ نے گھر میں استعمال کے لئے ایک ایل ای ڈی بلب گھر لائے اور سمیر حادثاتی طور پر اس بلب کو چھو لیا تو وہ بلب روشن ہو گیا جسے دیکھ کر چاند پاشا ہ حیران ہوگئے پھر انہوں نے اپنے بیٹے کو بلب جسم کے مختلف حصوں پر رکھنے کی ہدایت دی اور جب سمیر جسم کے جس حصے پر بھی بلب رکھتا وہ روشن ہو جاتا ، انہیں یہ دیکھ کر کافی تعجب ہوا جس کے بعد انہوں نے سمیر کی چھوٹی بہن ثانیہ کو بھی طلب کیا اور کہا کہ وہ بھی بلب کو چھوئے جیسے ہی ثانیہ نے بلب کو چھوا تو بلب روشن ہوگیا۔دیکھتے ہی دیکھتے اس واقعہ کی حقیقت جنگل کی آگ کی طرح مقامی علاقہ میں پھیل گئی جس کے بعد مقامی میڈیا نمائندوں کی ایک بڑی جماعت چاند پاشاہ کے گھر کے سامنے کھڑی ہو گئی۔ہر میڈیا نمائندہ یہ تصدیق کرنا چاہتا تھا کہ کہیں یہ اتفاق تو نہیں جس کے لئے کئی افراد نے اپنے گھروں سے بلب منگوا کرسمیر اور ثانیہ کو دینا شروع کیا اور انہیں چھونے کی ہدایت دی اور یہ دونوں بھائی بہن جب کسی بھی بلب کو چھوتے ہیں تو وہ روشن ہو جاتا ہے۔ کئی افراد نے اس کرشمے کی توثیق کرنے کے لئے قریب کی دکانوں سے ایل ای ڈی بلب منگوا کر سمیر اور ثانیہ کو نہ صرف چھونے کی سفارش کی بلکہ ان کے جسم کے جس حصے پر بھی بلب لگایا جاتا وہ فوراً روشن ہو جاتا۔بہرکیف سمیر اور ثانیہ اس وقت عوام اور میڈیا کی توجہ کا مرکز بن چکے ہیں۔