کمسن بچی کی عصمت ریزی کی کوشش ناکام

   

چوکس آٹو ڈرائیور کو کمشنر پولیس کے ہاتھوں انعام
حیدرآباد : /24 نومبر (سیاست نیوز) پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے کمسن بچی کی عصمت ریزی کی کوشش کو ناکام بنانے والے ایک آٹو ڈرائیور کی ستائش کرتے ہوئے اسے انعام عطا کیا ۔ تفصیلات کے مطابق 30 سالہ گداگر خاتون جو نامپلی درگاہ یوسفین کے پاس گداگری کرتی ہے اور میاں پور کے علاقہ نیو حفیظ پیٹ کی ساکن ہے ۔ /23 نومبر کی صبح 6 بجے وہ حسب معمول درگاہ یوسفین نامپلی اپنے ہمراہ دو کمسن بیٹیوں جن کی عمر 6 اور 2 سال ہے کے ہمراہ پہونچی ۔ گداگری کے بعد وہ اپنے بھائی سے ملاقات کیلئے جی پی او عابڈس پہونچی اور ملاقات کے سبب وہ میاں پور کی ٹرین میں سوار ہونے سے قاصر رہی ۔ اُس نے اپنے بھائی کے ساتھ عابڈس کے فٹ پاتھ پر رہنے کا ارادہ کیا اور رات دیر گئے آٹو ڈرائیور سید زاہد نے جی پی او کے پاس اپنا آٹو پارک کرکے گاہک کا انتظار کررہا تھا کہ ایک شخص جس کی شناخت محمد چھوٹو ساکن افضل گنج کی حیثیت سے کی گئی ہے گداگر خاتون کی 6 سالہ کمسن بچی کے ساتھ بدسلوکی کرنے لگا ۔ اس حرکت کو دیکھ کر آٹو ڈرائیور زاہد نے خاتون اور اس کے بھائی کو نیند سے بیدار کیا اور چھوٹو کی اس حرکت کے بارے میں بتایا ۔ اسی دوران عابڈس پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک پٹرولنگ پارٹی بھی وہاں پہونچ گئی اور محمد چھوٹو کو اُسی وقت گرفتار کرلیا ۔ پولیس عابڈس نے چھوٹو کے خلاف پوکسو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے اُسے جیل بھیج دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ گرفتار ملزم چھوٹو شہر کے مختلف مقامات میں 16 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے۔ پولیس کمشنر انجنی کمار نے آج آٹو ڈرائیور زاہد کے اس اقدام کی ستائش کرتے ہوئے اسے انعام سے نوازا اور ایک مومنٹو بھی پیش کیا۔ب